ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں ابتک کی گئی کارروائیوں کے دوران بجلی چوروں کو 24 کروڑ 40 لاکھ روپے جرمانے

229
Crackdown against
Crackdown against

ڈیرہ غازی خان۔ 23 دسمبر (اے پی پی):وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی کی ہدایت پر ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں ابتک کی گئی کارروائیوں کے دوران بجلی چوروں کو 24 کروڑ 40 لاکھ روپے جرمانے عائد کئے گئے۔اس حوالے سے اجلاس کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈاکٹر ناصر محمود بشیر کی زیر صدارت منعقد ہوا۔اجلاس میں ڈیرہ غازی خان ڈویژن سے تمام ڈپٹی کمشنرز شریک ہوئے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کمشنر نے کہا کہ بجلی چوری کی موثر حکمت کے تحت روک تھام ہماری اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب تک بجلی چوروں کو 24 کروڑ 40 لاکھ روپے جرمانہ عائد کئے گئے اور 4809 مقدمات درج کرکے 3248 افراد کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔اس کے علاوہ 4943 مقامات پر بجلی چوری بھی پکڑی گئی۔کمشنرنے کہا کہ ایرانی تیل کی غیر قانونی ترسیل روکنے کی مہم کے دوران 209 گاڑیاں بند کرکے 850850 لیٹر ڈیزل،پٹرول تحویل میں لیا گیا اور اس کے علاوہ 83 مقدمات درج کرکے 129 سمگلرز کو بھی گرفتار کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ بجلی چوری کے خلاف مہم جاری رکھی جائے گی کیونکہ بجلی چوری کا بوجھ بل ادا کرنے والے صارفین کو ادا کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام بجلی چوری کی نشاندہی کریں۔