ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں ناجائز منافع خوری کرنے والے کھاد ڈیلرز کے خلاف کریک ڈاؤن

152
Substandard fertilizer
Substandard fertilizer

ڈیرہ غازی خان۔ 04 جنوری (اے پی پی):ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں کھاد کی دستیابی یقینی بنانے کیلئے مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کردیا گیا۔ایک ماہ کے دوران 32 کھاد ڈیلرز گرفتار،36 مقدمات درج اور 56 لاکھ 62ہزار پانچ سو روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے

یکم دسمبر سے تین جنوری تک 173 مقامات پر کھاد کی زائد قیمت وصولی پر کارروائی کی گئی ہے ،یہ بات کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر کی زیر صدارت ویڈیو لنک اجلاس میں بتائی گئی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں 329780 میٹرک ٹن یوریا کھاد کی ضرورت ہے اور اب تک 160879 میٹرک ٹن کھاد فراہم کی گئی ہے۔کمشنر نے کہا کہ کاشتکاروں کو مقررہ نرخ پر یوریا کھاد کی فروخت یقینی بنائی جائے۔کھاد کا مصنوعی بحران اور زائد قیمت وصول کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا سلسلہ جاری رکھا جائے۔

کمشنر کو دوران اجلاس بتایا گیا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر ڈی جی خان ڈویژن میں بجلی چوروں کے خلاف کارروائی جاری ہے۔ مہم کے دوران 3425 بجلی چور گرفتار،4980 مقدمات درج اور 25 کروڑ 38 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔7970 گھریلو،102 کمرشل،26 زرعی اور 11 انڈسٹریل سمیت 5109 مقامات پر بجلی چوری پکڑی گئی ہے۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز مہر شاہد زمان لک،خالد پرویز،ڈاکٹر منصور بلوچ،عثمان علی،منور عباس،ڈائریکٹر زراعت مہر عابد حسین،ڈپٹی ڈائریکٹر غلام محمد بزدار اور دیگر متعلقہ افسران شریک تھے۔