ڈیرہ غازی خان کے علاقے کالا کالونی میں فائرنگ کا واقعہ، نوجوان جاں بحق، ریسکیو 1122 نے نعش ہسپتال منتقل کر دی

ڈیرہ غازی خان کے علاقے کالا کالونی میں فائرنگ کا واقعہ، نوجوان جاں بحق، ریسکیو 1122 نے نعش ہسپتال منتقل کر دی

ڈیرہ غازی خان ۔ 10 جون (اے پی پی):ڈیرہ غازی خان میں تونسہ روڈ پر واقع کالا کالونی میں فائرنگ کے واقعہ میں 28 سالہ نوجوان جاں بحق ہو گیا۔ ریسکیو 1122 نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ضروری قانونی تقاضے پورے ہونے کے بعد نعش کو ہسپتال منتقل کر دیا۔ریسکیو 1122 حکام کے مطابق ریسکیو 1122 کنٹرول روم ڈیرہ غازی خان کو اطلاع موصول ہوئی کہ کالا کالونی کے علاقے میں ایک شخص کو سر پر گولی لگی ہے۔ اطلاع ملتے ہی قریبی ریسکیو اسٹیشن شادن لنڈ سے ایمبولینس کو فوری طور پر جائے وقوعہ کی جانب روانہ کیا گیا جبکہ پولیس کنٹرول روم کو بھی واقعہ سے آگاہ کر دیا گیا۔ریسکیو ٹیم جب موقع پر پہنچی تو معلوم ہوا کہ سر پر گولی لگنے کے باعث متاثرہ شخص موقع پر ہی دم توڑ چکا تھا۔

اس دوران ایس ایچ او خدابخش سمیت پولیس کی نفری بھی جائے وقوعہ پر موجود تھی۔ ریسکیو اہلکاروں نے ضروری کارروائی مکمل کرنے کے بعد نعش کو پولیس کی نگرانی میں مزید قانونی کارروائی کے لیے آر ایچ سی کالا ہسپتال منتقل کر دیا۔جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت مختیار ولد واحد بخش، عمر 28 سال کے نام سے ہوئی ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق فائرنگ کا یہ واقعہ پرانی دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے، جس کے نتیجے میں مختیار سر پر گولی لگنے سے جاں بحق ہو گیا۔پولیس نے واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔