ڈیرہ اسماعیل خان۔ 01 دسمبر (اے پی پی):قتل مقاتلے کی دشمنی کا شاخسانہ ، ڈیرہ چشمہ روڈ پر دو مخالفین موٹرسائیکل سواروں کی3بھائیوں پر فائرنگ ، ایک بھائی جاں بحق جبکہ دیگر بچ گئے، شورکوٹ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا۔ تھانہ شورکوٹ میں علاقہ ہمت کے رہائشی 25سالہ امجد ولد محمد افضل نے قتل کی دفعہ کے تحت رپورٹ درج کرائی ہے کہ میں ، میرے بھائی عزیز اللہ عرف بگٹی اور ثناء اللہ موٹرسائیکل پر ڈیرہ شہر سے گھر کی طرف روانہ تھے،
کہ ڈیرہ چشمہ روڈ نزد بنگلہ حاجی رئیس خان پہنچے تو ایک موٹرسائیکل پر دو نامعلوم ملزمان آئے اور زبردستی ہمارے موٹرسائیکل کو روکا ملزمان نے اپنے اپنے پستولوں سے میرے بھائی عزیز اللہ عرف بگٹی پر فائرنگ کر دی ،جس سے میرا بھائی لگ کر شدید زخمی ہو کر موقع پر جاں بحق ہوگیا جبکہ ہم دو بھائی محفوظ رہے،
ملزمان فائرنگ کرنے کے بعد موقع سے فرار ہوگئے، وجہ عداوت اپنے آبائی علاقہ پہاڑ پور میں ہماری قتل مقاتلے کی دشمنی چلی آرہی ہے، ذرائع کے مطابق مقتول عزیز اللہ عرف بگٹی محکمہ پولیس ایف آر پی ڈیرہ کا برخاست شدہ اہلکار تھا۔