ڈیمز ملک کی تعمیر و ترقی کیلئے ناگزیر ہیں، دیامر بھاشا ڈیم کی تکمیل سے جی ڈی پی میں نہ صرف اضافہ بلکہ تربیلا ڈیم کی پائیداری بھی بڑھے گی، نگراں وفاقی وزیر احمد عرفان اسلم

94
احمد عرفان اسلم

اسلام آباد۔26اکتوبر (اے پی پی):نگراں وفاقی وزیر برائے آبی وسائل احمد عرفان اسلم نے کہا ہے کہ ڈیمز ملک کی تعمیر و ترقی کیلئے ناگزیر ہیں، دیامر بھاشا ڈیم کی تکمیل سے ملکی جی ڈی پی میں نہ صرف 2 فیصد اضافہ بلکہ تربیلا ڈیم کی پائیداری بھی بڑھے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزارت آبی وسائل میں دیامر بھاشا ڈیم کے ترقیاتی کام پر قائم جائزہ کمیٹی کے ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری آبی وسائل سید علی مرتضٰی، چیئرمین واپڈا سجاد غنی، منیجنگ ڈائریکٹر نیسپاک سمیت وزارت آبی وسائل اور واپڈا کے اعلٰی حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں دیامر بھاشا ڈیم پر جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا گیا۔ واپڈا حکام نے اپنی تفصیلی بریفنگ میں بتایا کہ ڈیم کے لئے درکار 92 فیصد سے زائد زمین ایکوائر کر لی گئی ہے اور باقی متنازعہ زمین کے حصول کے لیے مقامی جرگے اور انتظامیہ کے تعاون سے کام جاری ہے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے نگراں وفاقی وزیر برائے آبی وسائل نے کہا کہ ملکی مفادات میں ڈیمز کی تعمیر ہماری اولین ترجیح ہے، ہماری معاشی خود انحصاری کا دارومدار سستی بجلی اور زراعت پر ہے اور زراعت کی ترقی کا انحصار ڈیمز کی تعمیر پر ہے، اس لئے ان منصوبوں کی بروقت تکمیل نہایت ضروری ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ مالی مسائل کے حل کیلئے ہم مسلسل وزارت خزانہ اور بین الاقوامی سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر کام رہے ہیں اور بہت جلد مالی مشکلات کو دور کر لیا جائے گا۔

اس موقع پر نگراں وفاقی وزیر نے میڈیا کو بتایا کہ دیا میر بھاشا میں رفاہ عامہ اور عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کی تعمیر کا آغاز ہو چکا ہے جس میں مسجد، بچوں کے سکول، ہسپتال اور کیڈٹ کالج کی تعمیر شامل ہیں اور طے شدہ پروگرام کے مطابق ماڈل ویلجز کے قیام اور وہاں کی عوام کے دیگر مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ 1.8 ملین ایکڑ فٹ سٹوریج کا حامل یہ منصوبہ اپنی تکمیل کے بعد نہ صرف 18 ارب سالانہ برقی یونٹ پیدا کرے گا بلکہ زراعت کے لئے پانی بھی مہیا کرے گا جس سے ان علاقوں میں ترقی اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔