فیصل آباد۔22فروری (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر فیصل آباد علی شہزادنے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے حکام و دیگر متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ موسم کی تبدیلی کے باعث انسداد ڈینگی مہم کے سلسلہ میں احتیاطی تدابیر اختیار نہ کرنے والے ٹائر شاپس کے مالکان کیخلاف قانونی کارروائی عمل میں لائیں اور دکانوں وگوداموں میں پڑے کھلے ٹائروں کو ضبط کر کے انہیں گہرے گڑھے میں دفن کردیا جائے تاکہ ڈینگی مچھر کے لاروا کی پیدائش وافزائش کے اس سبب کا مکمل خاتمہ ہوسکے۔
انہوں نے انسداد ڈینگی مہم پر عملدرآمد کے حوالے سے یونین کونسلز کے کلسٹر انچارجز کو ہدایت کی کہ وہ سینٹری سٹاف کی یونین کونسل کی سطح پر حاضری لگائیں اور صفائی کے حوالے سے ان کی کارکردگی کی کڑی نگرانی کی جائے تاکہ خالی پلاٹوں میں کوڑے کے ڈھیروں کا صفایا کرنے کیلئے شروع کلین اپ آپریشن کی کامیاب تکمیل ہوسکے۔
انہوں نے انسداد ڈینگی کے حوالے سے کلسٹر انچارجز کی کارکردگی اور اس ضمن میں مثبت عوامی رد عمل کو سراہتے ہوئے کہا کہ ضلع بھر میں محکمہ زراعت،صحت،تعلیم اور لائیو سٹاک کے فیلڈ سٹاف کو بھی متحرک رکھتے ہوئے ڈینگی وائرس سے بچاؤ کیلئے گھر گھر آگہی پیغام پہنچایا جائے جبکہ یونین کونسلز کے دفاتر،رورل ہیلتھ سنٹرز اور نچلی سطح پر دیگر سرکاری اداروں کی عمارتوں پر انسداد ڈینگی کے پیغام کے حوالے سے فلیکس تیار کرکے فوری شہر کے اہم مقامات پر آویزاں کئے جائیں۔
انہوں نے بتایا کہ ڈینگی مچھر سے بچاؤ اور اس کی افزائش کے ذرائع کے حوالے سے ہر گھر میں سے معلومات حاصل کرنے کیلئے بھی اقدامات کا آغاز کیاجارہاہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سکولوں کالجوں سمیت مختلف سرکاری محکموں کی عمارتوں میں نصب شدہ واٹر پمپ کو آٹو میٹک سوئچ لگوائے جائیں تاکہ اوور فلو کے باعث چھتوں وغیرہ پر پانی کھڑا ہونے کے خدشات کا بھی ازالہ کیا جا سکے۔ انہوں نے تمام متعلقہ افسران کو اینٹی ڈینگی ایکشن پلان پر مؤثر انداز میں عملدرآمد کرنے کی بھی ہدایت کی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=296460