24.8 C
Islamabad
پیر, ستمبر 1, 2025
ہومعلاقائی خبریںڈینگی لاروا کے خاتمے کے لئے باقاعدگی سے فوگنگ مہم چلائی جائے...

ڈینگی لاروا کے خاتمے کے لئے باقاعدگی سے فوگنگ مہم چلائی جائے ،طاہرہ اورنگ زیب

- Advertisement -

راولپنڈی۔ 26 اگست (اے پی پی):ممبر قومی اسمبلی طاہرہ اورنگ زیب، دانیال چوہدری نے کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک کے ہمراہ انسداد ڈینگی اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ، ممبر صوبائی اسمبلی زیب النساء اعوان، تحسین فواد، عاصمہ ناز، راجہ صغیر، ملک افتخار، عمران الیاس، ملک منصور افسر، رفعت عباسی، طاہرہ مشتاق، حاجی پرویز و دیگر کے علاوہ سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر احسان غنی اور متعلقہ سرکاری محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ممبر قومی اسمبلی طاہرہ اورنگ زیب نے کہا کہ موجودہ درجہ حرارت ڈینگی بریڈنگ کے لئے انتہائی سازگار ہے، ایسے میں ڈینگی کے خاتمے کے لئے تمام محکمے مربوط حکمت عملی کے ساتھ فوری اقدامات کریں۔ اس وقت راولپنڈی میں ڈینگی کے 76 کنفرم مریض موجود ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ڈینگی لاروا کے خاتمے کے لئے باقاعدگی سے فوگنگ مہم چلائی جائے اور لوکل گورنمنٹ، ماحولیات اور لیبر ڈپارٹمنٹ اپنی فیلڈ سرگرمیاں تیز کریں۔ تمام ٹاؤنز میں باقاعدہ صفائی ستھرائی اور نالوں کی مکمل صفائی کو یقینی بنایا جائے۔ اسلام آباد انتظامیہ کے ساتھ مربوط روابط رکھے جائیں اور انسداد ڈینگی سرگرمیوں کو مشترکہ طور پر آگے بڑھایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ یونین کونسل 70 تا 75 میں سی او آر ڈبلیو ایم سی مقامی عوامی نمائندگان کے ساتھ مل کر بھرپور صفائی مہم چلائیں نیز ٹریفک پولیس کے ساتھ مل کر واؤچر تقسیم کیے جائیں تاکہ عوامی سطح پر آگاہی بڑھے اور شہریوں کو احتیاطی تدابیر اپنانے کی ترغیب دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگی کے خاتمے کے لئے صرف سرکاری ادارے ہی نہیں بلکہ عوام کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ گھروں اور دفاتر میں پانی جمع نہ ہونے دیں، گملوں اور پرانے برتنوں کی صفائی باقاعدگی سے کریں اور مشکوک جگہوں کی فوری اطلاع ضلعی انتظامیہ کو دیں۔کمشنر راولپنڈی نے ممبران صوبائی اسمبلی کی جانب سے نشاندہی کیے گئے پوائنٹس کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایت کی کہ راولپنڈی کے نالوں کا گوگل میپ مختلف کلر اسکیمز کے ساتھ تیار کر کے آئندہ اجلاس میں پیش کیا جائے۔ سیکشن 144 کے تحت ٹائروں کی کھلی نمائش پر پابندی لگائی جائے۔ یونین کونسل 31، 32 اور 33 میں موجود ٹائر اور اسپیئر پارٹس مارکیٹ کی شکایت پر انہوں نے ہدایت کی کہ انکے خلاف فوری ایکشن کیا جائے جبکہ یونین کونسل 46 میں نالہ لئی کے لنک روڈ پر پائپ کی فوری مرمت کی جائے۔ ڈویژن بھر میں موجود غیر قانونی کلینکس کے خلاف کارروائی کے ساتھ صفائی ستھرائی کو بھی یقینی بنائیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ جی ایم سوئی گیس اور آئیسکو حکام کے ساتھ خصوصی میٹنگ کی جائے تاکہ مرمتی اور دیگر مسائل بروقت حل کیے جا سکیں۔ مزید برآں، محکمہ تعلیم کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ انسداد ڈینگی سرگرمیوں میں شامل طلباء و طالبات اور اساتذہ کو سرٹیفکیٹس جاری کیے جائیں تاکہ ان کی حوصلہ افزائی ہو اور تعلیمی اداروں میں انسداد ڈینگی مہم مزید مؤثر ہو۔نیز تمام محکمے انسداد ڈینگی کے حوالے سے اپنی روزانہ کی رپورٹس کمشنر آفس میں جمع کروائیں

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں