اسلام آباد۔15ستمبر (اے پی پی): نگران وفاقی وزیرصحت ڈاکٹرندیم جان نے کہا ہے کہ ڈینگی وائرس کی روک تھام کیلئے وفاق اور صوبے اشتراک کار سے موثر اور مربوط حکمت عملی تشکیل دے رہے ہیں ،وزارت صحت صوبوں بیماریوں کے خاتمے کیلئے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنائے گی۔
ان خیالات کا اظہارانہوں نے جمعہ کو اپنی زیر صدارت چاروں صوبوں میں ڈینگی کی صورتحال پر جائزہ اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ عوام کو بیماریوں سے محفوظ رکھنے کیلئے مربوط اقدامات کو یقینی بنائیں،کورونا وائرس کے تجربات سے سیکھتے ہوئے بیماریوں کے خاتمے کیلئے مربوط حکمت تشکیل دی جائیں،ہیپاٹائیٹس کی روک تھام کیلئے وفاقی اور صوبے ملکر از سر نو پروگرام ترتیب دیں۔
وفاقی وزیر نے کہاکہ ڈینگی کی روک تھام کیلئے ایک نیشنل سٹریٹجک فریم ورک تشکیل دے رہے ہیں،وزارت صحت صوبوں بیماریوں کے خاتمے کیلئے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنائے گی ۔
انہوں نے کہاکہ اجلاس میں اتفاق کیا گیا ہے کہ ملک بھر میں ادویات کی بلاتعطل فراہمی اور ہر قسم کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے موثر اقدامات کو یقینی بنایا جائے گا اورملک بھر میں ڈرگ لائسنسنگ کے اجراء ،لیبارٹریز کی اپ گریڈیشن،جعلی ادویات کی مارکیٹ سے خاتمے اور ریکوری کیلئے یکساں ہدایت پر مبنی ایک جامع نظام تشکیل دے رہے ہیں جس کے تحت ڈریپ تمام صوبائی حکومتوں کے ساتھ ملکر ایم او یو پر دستخط کرے گا ۔
انہوں نے کہاکہ وزارت صحت گلوبل ہیلتھ سمٹ کا نومبر میں انعقاد کرارہی ہے، تاریخ میں پہلی بار پاکستان گلوبل ہیلتھ سیکورٹی کی میزبانی کرے گا ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستانی عوام اور اداروں کیلئے یہ اعزاز کی بات ہے،آج ہم عہد کریں وفاقی اور صوبائی قیادت ملکر پاکستان کی عوام کو محفوظ رکھنے کیلئے عملی اقدامات کو یقینی بنائیں گے۔