ڈینگی کے سد باب کے لئے حکومتی کاوشوں میں شہریوں کا تعاون انتہائی ضروری ہے، احسن ظفر بختاوری

110
Ahsan Bakhtavari
Ahsan Bakhtavari

اسلام آباد۔23اکتوبر (اے پی پی):ممبر سینٹرل کور کمیٹی یو بی جی وسابق صدر آئی سی سی آئی احسن ظفر بختاوری نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں ڈینگی کے خاتمے کے لئے ہر شہری کو اپنی ذمہ داری نبھانی ہوگی، ڈینگی کے سد باب کے لئے حکومتی کاوشوں میں شہریوں کا تعاون انتہائی ضروری ہے، ڈینگی کے اسباب کو سمجھ کر اور احتیاطی تدابیر کو اپنانے سے ہم ڈینگی سے محفوظ رہ سکتے ہیں،ہم اپنے کلین اینڈ گرین اسلام آباد مشن کے تحت شہریوں کو ڈینگی سے بچانے کیلئے کوشاں ہیں،اسلام آباد کے شہری بھی اپنی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے آگے بڑھیں اور ڈینگی کے خاتمے کی اس مہم میں اپنا بھرپورکردار ادا کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں جناح سپر مارکیٹ میں ڈینگی کے خاتمے کی آگاہی مہم میں ڈینگی سپرے کروانے اور شہریوں میں آگاہی پمفلٹس تقسیم کرنے کے موقع پر صدر جناح سپر مارکیٹ اسد عزیز،جنرل سیکرٹری جناح سپر مارکیٹ و سینئر نائب صدر آئی سی سی آئی عبدالرحمٰن صدیقی،نائب صدر جناح سپر مارکیٹ چوہدری محمد ارشد،کوآرڈینیشن سیکرٹری جناح سپر مارکیٹ عثمان اور تاجروں کے دیگر نمائندہ وفودسے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

صدر جناح سپر مارکیٹ اسد عزیز نے کہا کہ ہم احسن ظفر بختاوری کے مشکور ہیں جو اپنی طرف سے اسلام آباد میں ڈینگی کے خاتمے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں،پورے شہر میں سپرے اور آگاہی مہم چلانے پر ہم انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور یقین دہانی کراتے ہیں کہ اس مہم میں تاجر برادری ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ہم بھرپور تعاون فراہم کرینگے۔

جنرل سیکرٹری جناح سپر مارکیٹ عبدالرحمٰن صدیقی نے کہا کہ ڈینگی کے خاتمے کے لیے حکومتی کاوشیں اور عوامی تعاون یکساں اہمیت رکھتے ہیں، اگر ہم سب مل کر صفائی کا خیال رکھیں اور حفاظتی تدابیر کو اپنائیں، تو نہ صرف ہم خود کو اور اپنے پیاروں کو محفوظ رکھ سکتے ہیں بلکہ ڈینگی جیسی مہلک بیماری کا مکمل خاتمہ بھی ممکن ہو سکتا ہے۔