مونٹی کارلو۔8اپریل (اے پی پی):روس کے نامور ٹینس سٹار ڈینیئل مدویدیف ،اٹلی کے ٹینس کھلاڑی میٹیو بیریٹینی اور جمہوریہ چیک کے ٹینس سٹار جیری لہیکا مونٹی کارلو ماسٹرز ٹینس ٹورنامنٹ میں مردوں کے سنگلز مقابلوں کا فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے دوسرے رائونڈ میں پہنچ گئے ۔روس کے نامور ٹینس سٹار ڈینیئل مدویدیف نے مردوں کے سنگلز مقابلوں کے پہلے رائونڈ میں ہم وطن حریف کھلاڑی کیرن خچانوف کو شکست دے کر ،اٹلی کے ٹینس کھلاڑی میٹیو بیریٹینی نے ابتدائی رائونڈ میں ارجنٹائن کے ماریانو نیوون کو مات دے کر اور جمہوریہ چیک کے جیری لہیکا نے پہلے رائونڈ میں امریکی حریف کھلاڑی سباسٹین کورڈا کو شکست دے کر دوسرے رائونڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔
اے ٹی پی ماسٹرزٹورنامنٹ کے دلچسپ مقابلے مونٹی کارلو کنٹری کلب میں جاری ہیں۔مردوں کے سنگلز مقابلوں کے ابتدائی رائونڈ میں 29 سالہ روس کے نامور ٹینس سٹار ڈینیئل مدویدیف نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے ہم وطن حریف کھلاڑی کیرن خچانوف کو 5-7، 6-4 اور 4-6 سے شکست دے کردوسرے رائونڈ کے لئے کوالیفائی کیا۔
اٹلی کے ٹینس کھلاڑی میٹیو بیریٹینی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ابتدائی رائونڈ میں ارجنٹائن کے ماریانو نیوون کو سٹریٹ سیٹس میں 4-6 اور 4-6 سےمات دے کر نہ صرف ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کر دیا بلکہ دوسرے رائونڈ کے لئے بھی کوالیفائی کرلیا۔پہلے رائونڈ کے ایک اور میچ میں جمہوریہ چیک کے جیری لہیکا نے اپنی عمدہ کارکردگی کی بدولت امریکی حریف کھلاڑی سباسٹین کورڈا کو ٹائی بریک پر سٹریٹ سیٹس میں 3-6 اور 6-7(7-9)سے شکست دے کر دوسرے رائونڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔