ڈیوگو جوٹا کی پہلی برسی پر خراجِ عقیدت، کرسٹیانو رونالڈو نے اسے زندگی کا عجیب اتفاق قرار دے دیا

پرتگال کی فٹ بال کے شہرہ آفاق فٹ بالر اور کپتان کرسٹیانو رونالڈو نے کروشیا کے خلاف ورلڈ کپ کے سنسنی خیز مقابلے میں 1-2 سے کامیابی اور میگا ایونٹ کے پری کوارٹر فائنل مرحلے میں کوالیفائی کرنے کو اپنے آنجہانی ساتھی کھلاڑی ڈیوگو جوٹا کی پہلی برسی کے موقع پر زندگی کا ایک عجیب اتفاق قرار دیا ہے

ٹورنٹو۔3جولائی (اے پی پی):پرتگال کی فٹ بال کے شہرہ آفاق فٹ بالر اور کپتان کرسٹیانو رونالڈو نے کروشیا کے خلاف ورلڈ کپ کے سنسنی خیز مقابلے میں 1-2 سے کامیابی اور میگا ایونٹ کے پری کوارٹر فائنل مرحلے میں کوالیفائی کرنے کو اپنے آنجہانی ساتھی کھلاڑی ڈیوگو جوٹا کی پہلی برسی کے موقع پر زندگی کا ایک عجیب اتفاق قرار دیا ہے۔ڈھاکہ ٹریبیوں کے مطابق میگا ایونٹ کے رائونڈ 32 میچ میں فتح کے بعد کرسٹیانو رونالڈو اور ان کے ساتھی کھلاڑیوں نے ڈیوگو جوٹا کی 21 نمبر کی جرسی ہاتھ میں تھام کر انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا اور کرسٹیانو رونالڈو میچ کے بعد انٹرویو کے دوران خود بھی یہی جرسی پہن کر آئے۔ پرتگال کے ہیڈ کوچ روبیرٹو مارٹنیز کا کہنا تھا کہ پرتگالی شائقین کے لئے یہ ایک خوشی کا دن ہے اور میگا ایونٹ کے پری کوارٹر فائنل مرحلے میں پہنچنا رواں سال اور بھی خاص ہو گیا ہے کیونکہ ہم نے ڈیوگو جوٹا کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔ یاد رہے کہ لیورپول کے کھلاڑی ڈیوگو جوٹا اور ان کے بھائی اینڈرے سلوا گزشتہ سال 3 جولائی کو سپین میں ایک کار حادثے میں ہلاک ہو گئے تھے جب وہ انگلینڈ میں پری سیزن ٹریننگ کے لئےجا رہے تھے۔ اس سے قبل ٹورنامنٹ کے آغاز میں کانگو کے خلاف پرتگال کے پہلے میچ سے قبل سٹیڈیم کی بڑی سکرین پر جوٹا کی یاد میں ایک بلیک اینڈ وائٹ تصویر بھی دکھائی گئی تھی۔