ڈیٹا کے مؤثر استعمال سے ہی پائیدار ترقی ممکن ہے، شزہ فاطمہ خواجہ

44

اسلام آباد۔8جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ ڈیٹا کے مؤثر استعمال سے ہی پائیدار ترقی ممکن ہے،ڈیجیٹل نیشن پاکستان ایکٹ ایک انقلابی قانون سازی ہے جو ڈیٹا ایکسچینج اور انٹرآپریبلٹی کا نظام قائم کرے گا،ہم نے آئی ٹی، ڈیٹا اور ٹیکنالوجی کے ذریعے ماحولیاتی خطرات سے نمٹنے کے لئے پانچ نکاتی فریم ورک تیار کیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے قومی کانفرنس برائے موسمیاتی چیلنجز میں کلیدی خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ملک کا آئی ٹی شعبہ تیزی سے ترقی کر رہا ہے،ڈیٹا کے مؤثر استعمال سے ہی پائیدار ترقی ممکن ہے۔انہوں نے کہا کہ پالیسی اور فیصلہ سازی میں ڈیٹا کلیدی کردار ادا کرتا ہے، ڈیجیٹل نیشن پاکستان ایکٹ ایک انقلابی قانون سازی ہے جو ڈیٹا ایکسچینج اور انٹرآپریبلٹی کا نظام قائم کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف خود ماحولیاتی چیلنجز کی اہمیت کو سمجھتے ہیں اور متعلقہ اجلاسوں کی صدارت کرتے ہیں،ہم نے آئی ٹی، ڈیٹا اور ٹیکنالوجی کے ذریعے ماحولیاتی خطرات سے نمٹنے کے لئے پانچ نکاتی فریم ورک تیار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے کلائمیٹ ایگری ٹیک کے لئے خصوصی نیشنل انکیوبیشن سینٹر قائم کیا ہے،اگنائٹ کے ذریعے نوجوان انوویٹرز کو ریسرچ، انکیوبیشن اور کمرشلائزیشن کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں،حکومت کا کام کاروبار کرنا نہیں بلکہ ایک سازگار ماحول فراہم کرنا ہے جہاں سٹارٹ اپس ترقی کریں،پاکستان سٹیک کا قیام نوجوان انوویٹرز کو حکومتی ڈیٹا سے جوڑ کر نئی راہیں کھولے گا۔