:پاکستان ریلویز ملتان ڈویژن میں نئے تعینات ہونے والے ڈویژنل کمرشل آفیسر راشد علی مہیسر نے عہدہ سنبھالنے کے بعد اپنے پہلے فیلڈ وزٹ کے دوران مختلف ٹرینوں اور مسافروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا اچانک معائنہ کیا۔
ڈی سی او کا ٹرینوں اور وینڈنگ سٹالز کا اچانک معائنہ، ناقص کارکردگی پر جرمانے

مزید خبریں
ملتان۔ 19 ستمبر (اے پی پی):پاکستان ریلویز ملتان ڈویژن میں نئے تعینات ہونے والے ڈویژنل کمرشل آفیسر راشد علی مہیسر نے عہدہ سنبھالنے کے بعد اپنے پہلے فیلڈ وزٹ کے دوران مختلف ٹرینوں اور مسافروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا اچانک معائنہ کیا۔ڈی سی او ملتان نے 115 اپ موسیٰ پاک ایکسپریس اور 8 ڈاؤن تیزگام ایکسپریس کا سرپرائز وزٹ کرتے ہوئے ٹکٹنگ کے عمل، مسافروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور دیگر کمرشل انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ٹرینوں میں موجود مسافروں سے بھی سفری سہولیات کے حوالے سے معلومات حاصل کیں۔بعد ازاں ڈی سی او ملتان نے ڈی ایم او کے ہمراہ ملتان کینٹ ریلوے اسٹیشن کے وینڈنگ سٹالز کا بھی تفصیلی معائنہ کیا۔ اس دوران مختلف سٹالز پر فروخت ہونے والی اشیائے خورونوش کے معیار اور صفائی ستھرائی کا جائزہ لیا گیا۔ ناقص معیار کی خوراک کی موجودگی پر بعض سٹالز کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے جرمانے عائد کیے گئے۔اس موقع پر ڈی سی او ملتان نے واضح کیا کہ مسافروں کی سہولت اور معیاری سروس پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ ٹکٹنگ کے مروجہ قوانین و ضوابط کی مکمل پابندی کے ساتھ ساتھ اشیائے خورونوش کے معیار کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے متعلقہ افسران اور عملے کو ہدایت کی کہ مسافروں کو معیاری سہولیات کی فراہمی کے لیے فیلڈ میں مؤثر نگرانی جاری رکھی جائے اور قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے۔ڈی سی او ملتان کا کہنا تھا کہ پاکستان ریلویز میں مسافروں کو بہتر سفری سہولیات کی فراہمی، سروس کے معیار میں بہتری اور کمرشل معاملات میں شفافیت کو یقینی بنانا اولین ترجیحات میں شامل ہے۔








