ڈی پی او مانسہرہ کی زیر صدارت محرم الحرام کے حوالے سے اعلی سطحی اجلاس، سکیورٹی اقدامات کا جائزہ لیا گیا

289

مانسہرہ ۔ 28 جون (اے پی پی):ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مانسہرہ شفیع اللہ گنڈا پورکی زیر صدارت محرم الحرام کے حوالے سے اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا ،اجلاس کے دوران ضلع میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کے ساتھ ساتھ بالخصوص محرم الحرام کے حوالے سے سکیورٹی اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر ڈی پی او نے کہا کہ ضلع بھر میں فول پروف سکیورٹی اقدامات کے ذریعے پُر امن محرم الحرام کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ اجلاس میں ایس پیز، ڈی ایس پیز سمیت تمام ایس ایچ اوز نے شرکت کی اور پرامن محرم الحرام کے حوالے سے لائحہ عمل طے کیا گیا۔

ضلعی پولیس سربراہ کو ضلع میں محرم الحرام کے حوالے سے مجالس، جلوسوں اور سکیورٹی انتظامات کے بارے میں افسران نے تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر ڈی پی او مانسہرہ نے کہا کہ عوام کے جان ومال کا تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے اور پولیس پُر امن عاشورہ کو ہر صورت یقینی بنائے گی۔انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے موقع پر امن وامان کے قیام کے لئے پولیس، دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر بھر پور کوشش کرے کہ کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما نہ ہو۔