ڈی ڈبلیو اور ڈیجیٹل براڈکاسٹ ٹیلی ویژن کے درمیان تعاون ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے فروغ کیلئے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا، جرمن سفیر مارٹن کوبلر

123

اسلام آباد ۔ 25 مارچ (اے پی پی) ڈی ڈبلیو اور ڈیجیٹل براڈکاسٹ ٹیلی ویژن کے درمیان میڈیا تعاون کے حوالے سے معاہدے پر دستخط ہوئے جس کا مقصد میڈیا انڈسٹری کی بدلتی ہو ئی صورتحال کے پیش نظر ڈیجیٹل اطلاعات کی رسا ئی ممکن بنانا ہے تاکہ دونوں ایک دوسرے کے تجربات سے مستفید ہوں۔ پاکستان میں جرمنی کے سفیر مارٹن کوبلر نے کہا کہ ڈی ڈبلیو اور ڈیجیٹل براڈکاسٹ ٹیلی ویژن کے درمیان تعاون ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے فروغ کیلئے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ یہ بات انہوں نے ڈیجیٹل براڈکاسٹ ٹیلی ویڑن اور ڈی ڈبلیو کے درمیان تعاون کے ایک یاداشت پر دستخط کے موقع پر کہی انکا کہنا تھا کہ دونوں کے درمیان تعاون سے ڈیجیٹل براڈکاسٹ کے تجربات سے مستفید ہونگے۔ انہوں نے یہ یادداشت ڈی ڈبلیو اور ڈی بی ٹی وی کیلئے اہم قرار دی۔ اس موقع پر ڈی بی ٹی وی کے چیف ایگزیکٹو عامر جہانگیر کا کہنا تھا کہ ڈی ڈبلیو کے ساتھ تعاون اس بات کا مظہر ہے کہ بین الاقوامی ادارے ڈی بی ٹی وی کے ویژن اور پیشہ وارانہ مہارت پر بھرپور اعتماد کرتے ہیں۔ ڈی بی ٹی وی پاکستان میں پہلا ادارہ ہے جنہوں نے نیوز روم میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس ماڈل متعارف کروایا۔ دونوں اداروں کے تعاون سے میڈیا انڈسٹری میں نئے آئیڈیاز سامنے آ سکیں گے جو سماجی اور معاشی اقدار کو مزید بہتر بنا سکیں گے۔ عامر جہانگیر نے کہا کہ بین الاقوامی اور پاکستانی اداروں کے درمیان تعاون سے عالمی صحافت مزید فروغ پائے گی۔ اس موقع پر ڈی ڈبلیو کے نمائندے ندیم صدیقی نے امید ظاہر کی کہ ڈیجیٹل براڈکاسٹ ٹیلی ویژن اور ڈی ڈبلیو کے درمیان شراکت داری وقت کے ساتھ ساتھ مزید مضبوط ہو گی۔ جنرل مینیجر ڈی بی ٹی وی بختاور محمود نے کہا کہ ڈی بی ٹی وی کی بہترین حکمت عملی اسے دوسرے اداروں سے منفرد بناتی ہے۔ ڈی بی ٹی وی نوجوانوں کو سماجی، معاشی اور سیاسی پلیٹ فارم مہیا کرتا ہے۔