کابل میں دھماکہ، 34 افراد زخمی

53

کابل ۔ 7 اگست (اے پی پی)افغان دارلحکومت میں بدھ کی صبح ہونے ولے ایک بڑے دھماکہ میں 34 افراد زخمی ہوگئے۔ حکام اور عینی شاہدین کے مطابق دھماکہ سے شہر میں دھوئیں کے بادل چھا گئے اور دور علاقوں میں عمارات کی کھڑکیاں ٹوٹ گئیں۔ افغان وزارت داخلہ کے ترجمان نصرت رحیمی نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ مغربی کابل میں دھماکہ صبح 9بجے ہوا جس میں کم از کم 34 افراد زخمی ہوئے جنہیں قریبی ہسپتالوں میں داخل کرادیا گیا ہے۔ دھماکہ کی جگہ سے ایک کلومیٹر دور ایک دوکاندار احمد شاہ نے بتایاکہ وہ اپنی دوکان میں بیٹھا ہوا تھا کہ اچانک ایک زور دار دھماکہ کی آواز سنائی دی جس سے سر چکرا کر رہ گیا جبکہ 20 دکانوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔ دھماکہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب 28ستمبر کے انتخابات سے قبل امریکا اور طالبان امن معاہدہ کے لئے بات چیت کے لئے کوشاں ہیں۔ واضح رہے کہ کابل سمیت افغانستان بھر میں تشدد کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔