اسلام آباد۔2نومبر (اے پی پی):افغانستان کی کابل یونیورسٹی میں مسلح افراد کے حملے کے نتیجے میں کم از کم 25 افراد ہلاک اور 40 سے زائد زخمی ہوئے ہیں، دو حملہ آور مارے گئے جبکہ ایک نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق وزارت داخلہ کے ترجمان طارق آرائیں نے بتایا کہ پیر کے روز تین مسلح حملہ آور کابل یونیورسٹی میں گھس گئے اور اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی، فائرنگ سے کم از کم 25 افراد ہلاک اور 40 سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔ فائرنگ کے واقعہ کے بعد سیکیورٹی فورسز نے عمارت کو گھیرے میں لے لیا ہے اور تمام سڑکیں بند کر دیں، سیکیورٹی فورسز اور حملہ آوروں کے درمیان کئی گھنٹوں تک مقابلہ جاری رہا تاہم سیکیورٹی فورسز نے دو حملہ آوروں کو ہلاک کر دیا جبکہ ایک حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔ انہوں نے کہا کہ بتایا کہ حملہ یونیورسٹی میں کتابوں کی نمائش سے پہلے کیا گیا۔ گزشتہ برس اس یونیورسٹی کے گیٹ پر نصب بم دھماکے سے8افراد ہلاک ہوئے تھے۔ طالبان نے حملے میں ملوث ہونے کی تردید کر دی۔