
اسلام آباد ۔18 اگست(اے پی پی)کابینہ ڈویژن نے عمران خان کے وزیراعظم پاکستان کے منصب کی ذمہ داری سنبھالنے کے بارے میں ہفتہ کو باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ گزٹ آف پاکستان ایکسٹرا آرڈنری میں اشاعت کے لئے نوٹیفکیشن نمبر 2-5/2018-Min-1 کہا گیا ”جناب عمران احمد خان نیازی نے 18 اگست 2018ءکو صدر پاکستان کے روبرو اسلامی جمہوریہ پاکستان کے آرٹیکل 91(5) کے تحت اپنے عہدہ کا حلف اٹھا لیا اور وزیراعظم پاکستان کے منصب پر فائز ہو گئے ہیں۔“ یہ نوٹیفکیشن کابینہ سیکرٹری فضل عباس میکن کے دستخطوں سے جاری ہوا ہے۔