کاربن کے اخراج میں 80 فیصد حصہ دنیا کے 20 امیر ترین ممالک کا ہے، محمد یحییٰ

44
کاربن کے اخراج میں 80 فیصد حصہ دنیا کے 20 امیر ترین ممالک کا ہے، محمد یحییٰ

اسلام آباد۔6فروری (اے پی پی):اقوام متحدہ کے ریذیڈنٹ اینڈ ہیومینٹیرین کوآرڈینیٹر محمد یحییٰ نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کا ذمہ دار پاکستان نہیں ہے اور اس کے باوجود وہ متاثرہ ترین ممالک میں شامل ہے۔ کاربن کے اخراج میں 80 فیصد حصہ دنیا کے 20 امیر ترین ممالک کا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے جمعرات کو یہاں  کنونشن سینٹر اسلام آباد میں ڈان میڈیا گروپ کے زیراہتمام عالمی موسمیاتی کانفرنس ’بریتھ پاکستان‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ محمد یحیی نے کہا کہ2022 کے دوران پاکستان کو ایک سنگین سیلاب سے 30 ارب ڈالر سے زائد مالیت کا نقصان اٹھانا پڑا اور اس کا ایک تہائی حصہ زیر آب آگیا تھا جو کہ پوری دنیا کے الیے الارمنگ کال ہے۔ انھوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے غیر معمولی گرمی، شدید بارشیں، سیلاب، خشک سالی اور موسمی شدت میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔

محمد یحییٰ نے کہا کہ ہمیں اس بات کا ادراک ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں  کا ذمہ دار پاکستان نہیں ہے۔ دنیا کے 20 امیر ترین ممالک کا کاربن کے اخراج میں حصہ تقریبا  80 فیصد ہے جبکہ دیگر ممالک خاص طور پر پاکستان کا کاربن کے اخراج میں ایک فیصد سے بھی کم حصہ ہونے کے باوجود وہ متاثرہ ترین ممالک میں شامل ہے۔

اقوام متحدہ کے نمائندے نے ’کوپ29‘ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دنیا نے موسمیاتی تبدیلی سے متاثرہ ممالک کو 30 ارب ڈالر دینے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ انہوں نے آلودگی پھیلانے والوں پر زور دیا ہے کہ وہ اس حل کا حصہ بننے کے لیے مزید اقدامات کریں۔