کارواں کلب اسلام آباد آل پاکستان اسوا اکیڈمی فٹ بال ٹورنامنٹ جیت لیا

اسلام آباد ۔ 2 اکتوبر (اے پی پی) کارواں کلب اسلام آباد آل پاکستان اسوا اکیڈمی فٹ بال ٹورنامنٹ جیت لیا۔ کارواں کلب اسلام آباد نے مردان کو 3 کے مقابلے میں 4 پنلٹی ککس سے شکست دیکر آل پاکستان اسوا اکیڈمی فٹ بال ٹورنامنٹ کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔ فائنل میچ کے مہمان خصوصی وفاقی سیکرٹری وزارت بین الصوبائی رابطہ اکبر حسین درانی تھے جہنوں نے ٹورنامنٹ میں کامیابی حاصل کرنے والی ٹیموں کے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اور نقد انعامات تقسیم کئے۔ اس موقع پر پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل منصور احمد، اسلام آباد اولمپک ایسوسی ایشن کی مینجمنٹ کمیٹی کے سیکرٹری اور پاکستان کبڈی فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل، رانا محمد سرور، سپورٹس ویلفئر ایسوسی ایشن(اسوا) اور ماڈل ٹائون فٹ بال کلب کے صدر رانا تنویراحمد، اسلام آباد فٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر سلیم چوہدری، نائب صدر محمد زمان، جنرل سیکرٹری سید شرافت حسین بخاری، چیف آرگنائزر اقبال حسین، قومی فٹ بالرز سلیم خان اور افضل خان کے علاوہ شائقین کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔ جناح سٹیڈیم میں کھیلے گئے ٹورنامنٹ کے فائنل میچ میں دونوں ٹیمیں مقررہ وقت میں کوئی گول سکور نہ کر سکیں۔ میچ کا فیصلہ پنلٹی ککس پر ہوا، جس میں کارواں کلب اسلام آباد نے مردان کو 3 کے مقابلے میں 4 پنلٹی ککس سے شکست دے کر چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔ پنلٹی ککس پر کارواں کلب اسلام آباد کی طرف سے عالمگیر، حسیب، عبداللہ شاہ اور زوہیب نے جبکہ مردان کی جانب سے عثمان، مہران اور کاشف نے گول کئے۔ ٹورنامنٹ میں ملک سے 40 ٹیموں نے ناک آئوٹ سسٹم پر حصہ لیا۔ آخر پر وفاقی سیکرٹری اکبر حسین درانی نے اسلام آباد سپورٹس ویلفئر ایسوسی ایشن(اسوا) اور ماڈل ٹائون فٹ بال کلب کے صدر رانا تنویر احمد کو آل پاکستان اسوا اکیڈمی فٹ بال ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دیتے ہوئے اپنے مکمل تعاون یقین دلایا، اسلام آباد سپورٹس ویلفئر ایسوسی ایشن(اسوا) اپنی مدد آپ کے تحت سالانہ کی بنیاد پر گراس روٹ سطح مختلف کے مقابلوں کا انعقاد کررہی ہے جن میں فٹ بال، لان بائولز، اتھلیٹکس، کرکٹ، تھروبال، نیٹ بال، روک بال اور والی بال کے مقابلے شامل ہیں۔