کاروبارسے وابستہ خواتین دوسروں کوبھی روزگار کی فراہمی میں مدد کرتی ہیں،خاتون اول بیگم ثمینہ عارف علوی

235
کاروبارسے وابستہ خواتین دوسروں کوبھی روزگار کی فراہمی میں مدد کرتی ہیں،خاتون اول بیگم ثمینہ عارف علوی

ملتان۔22فروری (اے پی پی):خاتون اول بیگم ثمینہ عارف علوی نے ملک کی معاشی ترقی بالخصوص روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں خواتین کے کردار کو تسلیم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ کاروبار سے وابستہ خواتین نہ صرف اپنے لیے بلکہ دوسری خواتین کے لیے بھی روزگار کی فراہمی اور افرادی قوت میں صنفی امتیاز کو ختم کرنے میں مدد کرتی ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں ملتان گیریژن میس میں تین روزہ بلیو فیئر ٹریڈ ایکسپو کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ یہ نمائش ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ملتان کے زیر اہتمام منعقد کی جا رہی ہے اور اس میں دستکاری، ملبوسات، بچوں کے کپڑے، زیورات، فرنیچر، کاسمیٹکس، جوتے خاص طور پر ملتانی کھسہ، لکڑی کا سامان اور کھانے کے سٹالز لگائے گئے ہیں۔ اس سال یونیورسٹی کے طلباء کی جانب سے دستکاری کے اسٹال سمیت ایکسپو میں 100 سے زائد اسٹالز لگائے گئے ہیں۔ بلیو فیئر میں ملک بھر سے خاص طور پر جنوبی پنجاب سے خواتین کاروباری شخصیات شرکت کر رہی ہیں ۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ثمینہ عارف علوی نے ملتان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی جانب سے خواتین کو معاشی سرگرمیوں میں شامل کرنے کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ خواتین کو معاشی طور پر خود مختار بنانے اور سیاسی اور سماجی اہمیت کے معاملے پر اپنے خیالات کا اظہار کرنے کا پلیٹ فارم ثابت ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیشن شوز اور نمائشیں خواتین کے کاروبار کو فروغ دینے کے طریقے ہیں کیونکہ یہ سرگرمیاں روایتی اور جدید دستکاری، کپڑوں، ملبوسات اور روزمرہ استعمال کی اشیاء کی نمائش کے مواقع فراہم کرتی ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کی نمائشیں خواتین کے کاروبار کو فروغ دینے کے علاوہ انہیں نیٹ ورکنگ اور روابط کی ترقی کے مواقع بھی فراہم کرتی ہیں۔

بیگم ثمینہ علوی نے بتایا کہ دماغی صحت کے مسائل کے لیے ایک ہیلپ لائن قائم کی جا رہی ہے جبکہ وہ خود چھاتی کے کینسر کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ معذور افراد کے لیے بھی کام کر رہی ہیں۔ بلیو فیئر کی سفیر اور ڈبلیو سی سی آئی کی سابق صدر فاطمہ فضل نے کہا کہ جنوبی پنجاب تخلیقی صلاحیتوں، فن اور دستکاروں کا مرکز ہے، انہوں نے مزید کہا کہ ملتان میں ایکسپو سنٹر جنوبی پنجاب کی خواتین تاجروں کے لیے مواقع کھولے گا۔ ڈبلیو سی سی آئی کی سرپرست اعلیٰ فرخ مختار نے اپنے خطاب میں چیمبر کی کارکردگی کو سراہا ۔ اس موقع پر خاتون اول نے مختلف سٹالز کا دورہ کیا اور شاندار نمائش کے انعقاد پر کاریگروں کی محنت اور چیمبر کی کوششوں کو سراہا۔ بعد ازاں، انہوں نے پھولوں کی نمائش "پاکستان بلومز” کا بھی افتتاح کیا۔