پاکستان ہنگری کے ساتھ باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کا خواشمند ہے ، وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی ہنگری کے ہم منصب کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس اور سفیروں کی سالانہ کانفرنس سے خطاب

پاکستان ہنگری کے ساتھ باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کا خواشمند ہے ، وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی ہنگری کے ہم منصب کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس اور سفیروں کی سالانہ کانفرنس سے خطاب

اسلام آباد۔22فروری (اے پی پی):وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان ہنگری کے ساتھ باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کا خواشمند ہے اور وہ ہنگری سے اپنے دوستانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو ہنگری کے دورے کے موقع پر اپنے ہم منصب کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات قائم ہیں، دورے کے دوران ہنگری میں اعلیٰ تعلیم کے لئے پاکستانی طلباءکے وظائف پر بات ہوئی۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ان کا دورہ ہنگری پاکستان اور ہنگری کے درمیان تعلقات کے ایک نئے دور کا آغاز ہے۔

وزیر خارجہ نے دورے کی دعوت پر ہنگری کے اپنے ہم منصب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کو بڑھانے کے لئے سہولتی کردار ادا کیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان اور ہنگری نے آج مفاہمت کی تین یادداشتوں پر بھی دستخط کئے ہیں، جن میں سے ایک کھیلوں میں تعاون، سفارتی اکیڈمیوں کے درمیان تعاون قائم ہوگا، پاکستان اور ہنگری کی فارن سروس اکیڈمیاں ایک دوسرے کے سفارت کاروں کو تربیت فراہم کریں گی جبکہ تیسری مفاہمتی یادداشت کا تعلق ہنگری کی یونیورسٹیوں میں پاکستانی طلباءکے لئے دستیاب سکالرشپس کو بڑھانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہنگری کی حکومت کا یہ اقدام قابل تعریف ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہنگری دو طرفہ تعلقات کے لئے یہ اقدام کرکے مستقبل کی نسلوں اور سفارت کاروں پر انوسٹ کررہا ہے۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان اور ہنگری کے درمیان مفاہمت کی اس یادداشت کے نتیجے میں سکالرشپس کی تعداد 2 سو سے بڑھ کر 4 سو ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اب پاکستان اور پاکستانی طلباءہنگری کے زیادہ سکالرشپس حاصل کریں گے اور یہ ایک اشارہ ہے کہ دونوں ملکوں کے تعلقات مستقبل میں مزید مستحکم ہوں گے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ہنگری کے درمیان اقتصادی تعلقات کو بھی فروغ دیا جائے گا، دونوں ملکوں کے درمیان آج زبردست باہمی مشاورت ہوئی ہے جس سے مختلف مواقع پیدا ہونگے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ ہنگری پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی رکھتا ہے۔ اس سے پہلے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ہنگری کے سفیروں کی سالانہ کانفرنس سے بھی خطاب کیا۔ سفیروں کی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بین الاقوامی مسائل کے حل کے لئے بات چیت اور تعاون ہی آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو متحد ہونا چاہیے اور تنازعات سے اوپر اٹھ کر بنی نوع انسان کو ماحولیاتی تبدیلی کی صورت میں درپیش مشترکہ چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے متحد ہونا چاہئے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ ہمیں سفارت کاری اور امن کا راستہ نہیں چھوڑنا چاہئے۔ قبل ازیں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا ہنگری آمد پر پاکستان کے سفیر آصف حسین میمن اور ہنگری کے اعلیٰ حکام نے پرتپاک استقبال کیا۔

بلاول بھٹو زرداری نے دورے کے دوران ہنگری کے ہم منصب سے ملاقات بھی کی اور دونوں ملکوں کے درمیان دو طرفہ تعلقات کا جائزہ لیا۔ قبل ازیں دونوں وزرائے خارجہ نے ہاکستان اور ہنگری کے درمیان تعاون کی یادداشتوں پر دستخط بھی کئے۔ کسی بھی پاکستانی وزیر خارجہ کی جانب سے ہنگری کا یہ پہلا سرکاری دورہ تھا۔