کاروباری اوقات کار کی نئی تجاویز کا جائزہ لےکرصوبائی حکومتوں کی مشاورت سے فیصلہ کرینگے، وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ

107

اسلام آباد۔21جون (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ حالیہ کاروباری اوقات کارکااطلاق مشاورت سے پورے ملک میں یکساں طورپر نافذ کیا گیا ہے،کاروباری اوقات کار کی نئی تجاویز کا جائزہ لیکرصوبائی حکومتوں کی مشاورت سے فیصلہ کرینگے،توانائی کی کمی دور ہوتے ہی کاروباری اوقات کار کاازسر نو جائزہ لیں گے،حکومت تاجربرادری کے لئے کاروبار کے بہترین مواقع فراہم کررہی ہے۔

وہ منگل کو یہاں تاجر نمائندوں کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے ۔ ملاقات میں دارالحکومت اسلام آباد میں کاروباری اوقات کار کے نفاذکے حوالے سے تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

وزیر داخلہ نےتاجر نمائندوں کی پیش کردہ تجاویز کاخیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ کاروباری اوقات کارکااطلاق مشاورت سے پورے ملک میں یکساں طورپر کیا گیا ہے ،کاروباری اوقات کار میں یہ تبدیلی توانائی کی بچت کیلئےعمل میں لائی گئی ہے،کاروباری اوقات کار کے دوران لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کیلئے عملی اقدامات کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ماضی میں بھی ملک کو لوڈشیڈنگ سے نجات دلائی،اب بھی توانائی بحران پر قابو پالیں گے،ملک سے مکمل لوڈشیڈنگ کے جلداز جلدخاتمے کیلئے ہنگامی بنیادوں پراقدامات کررہے ہیں۔

وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے کہا کہ دکانداراورریسٹورنٹ مالکان اسلام آباد ضلعی انتظامیہ کے احکامات پر عملدرآمد یقینی بنائیں،ڈے لائٹ سے زیادہ سے زیادہ استفادہ کیلئے کاروباری کلچرکو بھی تبدیل کرنے کے ضرورت ہے،رات نو بجے مارکیٹس کی بجلی بند اور کاروبار کرنے کی اجازت کی تجویز کا صوبوں کیساتھ ملکر جائزہ لیں گے،تجویز کی افادیت کا جائزہ لیکر مفاد عامہ میں فیصلہ کرینگے ،تاجررضاکارانہ طور پر حکومتی ہدایت ناموں پر عملدرآمد کریں،اس میں عوام کا فائدہ ہے۔ وفد نے مطالبہ کیا کہ ریسٹورنٹس کے اوقات کار رات بارہ بجے کئے جائیں ۔