اسلام آباد۔12ستمبر (اے پی پی):ملک میں کاروں کی فروخت میں جاری مالی سال کے پہلے دوماہ کے دوران سالانہ بنیاد پر50 فیصد کمی ،جولائی کے مقابلے میں اگست کے دوران 60 فیصداضافہ ریکارڈکیاگیا۔آل پاکستان آٹومینو فیکچررز ایسوسی ایشن کے مطابق مالی سال کے پہلے دوماہ میں ملک میں کاروں کے 9611 یونٹس کی فروخت ریکارڈکی گئی جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 50 فیصدکم ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ملک میں 19358 یونٹس کاروں کی فروخت ریکارڈکی گئی تھی۔
جولائی کے مقابلے میں اگست میں کاروں کی فروخت میں ماہانہ بنیاد پر60 فیصد نموریکارڈکی گئی، جولائی میں ملک میں کاروں کے 3702 یونٹس کی فروخت ریکارڈکی گئی جو اگست میں بڑھ کر5909 یونٹس ہوگئی۔اعدادوشمارکے مطابق 1300 اوراس سے زیادہ پاورکی کاروں کی فروخت میں جاری مالی سال کے پہلے دوماہ میں سالانہ بنیاد پر61 فیصد کمی ہوئی، جولائی اوراگست میں 1300 اوراس سے زیادہ پاور کے کاروں کے 4004 یونٹس کی فروخت ہوئی جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 10148 یونٹس تھی۔ اگست میں 1300 اوراس سے زیادہ پاور کے 2310 یونٹس کاروں کی فروخت ہوئی جو جولائی کے 1694 یونٹس کے مقابلے میں 36 فیصدزیادہ ہے۔
اسی طرح جولائی اوراگست میں ایک ہزارسی سی کاروں کی فروخت کاحجم 1086 یونٹس ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 1719 یونٹس کے مقابلے میں 37 فیصدکم ہے۔ایک ہزار سی سی سے کم پاورکاروں کی فروخت میں جاری مالی سال کے پہلے دوماہ میں سالانہ بنیادوں پر40 فیصد کمی ہوئی۔