سیالکوٹ۔17مارچ (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ ن کے رکن صوبائی اسمبلی محمد منشاء اللہ بٹ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی محنت رنگ لارہی ہے، انہوں نے صرف ایک سالہ دور حکومت میں عوام کی خدمت کے ایسے بے مثال منصوبوں کا کامیابی سے آغاز کیا جن کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی، کارکردگی کے اعتبار سے وزیر اعلیٰ پنجاب دوسرے صوبوں کے وزرائے اعلیٰ سے کئی گنا آگے نکل چکی ہیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازکی حکومت کی مقبولیت اور کامیابی کی واحد وجہ میاں محمد نواز شریف کا وژن ہے جس کی تکمیل کیلئےسی ایم پنجاب دن رات کوشاں ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے حلقہ انتخاب ماڈل ٹاؤن ، گنجیانوالی اور کیپٹل روڈ پر جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لینے کے دوران کیا۔
رکن صوبائی اسمبلی محمد منشاء اللہ بٹ نے کہا کہ نامساعد حالات میں حکومت سنبھالنے کے باوجود مریم نواز نےسسٹین ایبل ڈویلپمنٹ گولز پروگرام کا اجرا کیا جس کی بدولت حلقہ میں ترقیاتی دور کا کا آغاز وہی سے ہو رہا ہے جہاں 2018 میں میاں شہباز شریف کی حکومت نے چھوڑا تھا۔
محمد منشاء اللہ بٹ نے کہا کہ مسلم لیگ ن کو جب بھی حکومت کا موقع ملا تو ان کے دور میں ملک نے ترقی کی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے سیاست کا مرکز استحکام پاکستان اور یہاں بسنے والے عوام کو معیار ی میونسپل سروسز کی فراہمی ہے اور ان کو ایسا ماحول فراہم کرنا ہے جس میں انہیں آگے بڑھنے کے مساوی مواقع میسر ہوں۔ انہوں نے قبرستان شہیداں کیپٹل روڈ کی زیر تعمیر دیوار کے منصوبے کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=573345