سیالکوٹ۔20اگست (اے پی پی):محکمہ زراعت سیالکوٹ نے کاشتکاروں کو شلجم کی فصل کی اگیتی کاشت رواں ماہ میں شروع کرنے کی ہدایت کی ہے ۔محکمہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ کاشتکار شلجم کی فصل کی اگیتی کاشت رواں ماہ میں شروع کردیں ، شلجم کی کاشت کے لئے بہتر نکاس والی زمین کا انتخاب کریں اور کاشت سے قبل کھیت کی تیاری کے لئے ایک مرتبہ مٹی پلٹنے والا ہل چلائیں۔
انہوں نےکہا کہ ہردفعہ ہل چلانے کے بعد سہاگہ دے کر زمین کو اچھی طرح نرم اور بھربھرا کرلیں نیزکاشت کے وقت 1بوری ڈی اے پی اور 1بوری پوٹاش فی ایکڑ استعمال کریں ۔ انہوں نے کہا کہ شلجم کی اقسام دیسی سرخ ، پرپل ٹاپ، گولڈن بال کاشت کریں۔ علاوہ ازیں فصل کو پھپھوندی سے پھیلنے والی بیماریوں سے بچانے کے لئے بیج کو محکمہ زراعت (توسیع و پیسٹ وارننگ)کی سفارش کردہ زہرلگاکر کاشت کریں ۔ انہوں نے کہا کہ اچھے اگاؤ کےلئے ایک کلوگرام صحت مند اور بہترشرح اگاؤوالا بیج استعمال کریں جبکہ کاشت سے پہلے کھیت کو 10,10مرلہ کے حصوں میں تقسیم کرکے 75سینٹی میٹر کے فاصلہ پر پٹڑیاں بنائیں ۔