فیصل آباد۔ 06 مئی (اے پی پی):محکمہ زراعت فیصل آباد کے شعبہ پلانٹ پروٹیکشن، پیسٹ وارننگ اینڈ کوالٹی کنٹرول آف پیسٹی سائیڈزنے کپاس کے کاشتکاروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ کپاس کی بہتر پیداوار کے حصول اور فصل کو ملی بگ کے حملہ سے بچانے کیلئے پیسٹ سکاؤٹنگ کا عمل فوری طور پر شروع کر دیں۔محکمہ کے ترجمان نے کہا کہ کپاس کے کھیتوں سے جڑی بوٹیوں کوترجیحی بنیادوں پر تلف کرنے کیلئے اقدامات کریں نیزاگر کسی جگہ ملی بگ کے حملہ کے شواہد ملیں تومتاثرہ پودوں کو فوری طور پر جڑ سے اکھاڑ کر پولی تھین بیگ میں ڈالنے کی بجائے انہیں زمین میں دفن کر دیا جائے
تاکہ وہ مزید پودوں پر حملہ آور نہ ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف کوبھی ہدائت کی گئی ہے کہ وہ کپاس کے کاشتکاروں کی مکمل رہنمائی کریں تاکہ ان کی فصلوں کو کیڑوں کے حملے سے بچا کر بہتر پیداوار کا حصول ممکن بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکار محکمانہ سفارشات کو مد نظر رکھتے ہوئے نائٹروجن، فاسفورس، پوٹاش کا استعمال کریں۔ا نہوں نے کاشتکاروں کو ہدائت کی کہ وہ بوقت ضرورت ماہرین زراعت کو اپنے کھیتوں کا دورہ بھی کروائیں تا کہ وہ کپاس کی فصل کے بارے میں انہیں بہتر مشورے فراہم کر سکیں۔