کاشتکاروں کو بارانی علاقوں میں مون سون کی بارشوں کا پانی محفوظ کرنے کا مشورہ

فیصل آباد۔5جولائی (اے پی پی):کاشتکاروں کو بارانی علاقوں میں مون سون کی بارشوں کا پانی محفوظ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اورکہاگیاہے کہ چونکہ بعض ناگزیر وجوہات کی بنا پر نہری پانی کی کچھ کمی پائی جارہی ہے اور مہنگی بجلی کے باعث ٹیوب ویلوں کے ذریعے بھی فصلات کی آبپاشی کاعمل مشکلات کا شکار ہوتاجارہاہے اسلئے کاشتکار مون سون کی بارشوں کے پانی کو محفو ظ کرنے کیلئے بھرپور اقدامات یقینی بنائیں تاکہ بارشوں کے پانی سے تمام ممکن استفادہ کیا جاسکے۔

جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے ماہرین زراعت نے کہاکہ کاشتکار مون سون کی بارشوں کے پانی کو محفوظ کرنے کیلئے ڈھلوان کی مخالف سمت میں گہراہل چلا ئیں اور کھیتوں کو ہموار رکھیں۔ انہوں نے کہاکہ کھیتوں میں وٹ بندی مضبوط کی جائے اور اسے جڑی بوٹیوں سے بھی پاک رکھاجائے۔ انہوں نے کہاکہ ایسی کھاد یا سبز کھاد کا استعمال بھی بڑھا دیا جائے جس سے وتر زیادہ دیر تک محفوظ رہتاہو۔ انہوں نے کہاکہ اس ضمن میں مزید رہنمائی یامشاورت کیلئے ماہرین زراعت یا محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف کی خدمات سے بھی استفادہ کیاجاسکتاہے۔