کاشتکاروں کو بھنڈی کی فصل کو نقصان دہ کیڑوں سے محفوظ رکھنے کیلئے حفاظتی اقدامات کامشورہ

133
بھنڈی کی فصل

فیصل آباد ۔ 12 اکتوبر (اے پی پی):کاشتکاروں کو بھنڈی کی فصل کو نقصان دہ کیڑوں سے محفوظ رکھنے کیلئے حفاظتی اقدامات کا مشورہ دیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ کاشتکار اور گھریلو پیمانے پر بھنڈی کی پچھیتی فصل کاشت کرنے والے عوام الناس بھنڈی کی فصل کو موسم سرما کے ابتدائی ایام کے باعث کپاس کی دھبے دار سنڈی سے بچانے کیلئے بروقت تدارک کی تدابیر پر عملدرآمد کریں تاکہ فصل کو نقصان سے بچایاجاسکے۔

ریسرچ انفارمیشن یونٹ ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد کے مطابق کپاس کی دھبے دار سنڈی بھنڈی کی فصل پر پھل لگتے ہی اس میں سوراخ کرکے اندر داخل ہو جاتی ہے جس سے پھل کانا اور بیکار ہوجاتاہے۔ انہوں نے کہاکہ مذکورہ سنڈی کے تدارک کیلئے متاثرہ پھل کو توڑ کرزمین میں دبا دینا چاہیے۔

انہوں نے کہاکہ چست تیلا بھنڈی کے پتوں سے رس چوس کر اسے بھی متاثر کرسکتاہے۔ انہوں نے کہاکہ کاشتکار سنڈی کے تدارک کیلئے میلاتھیان کا450 گرام فی ایکڑ اور چست تیلے کے انسداد کیلئے ڈائی میکران کا 230گرام یا میلاتھیان کا 450گرام فی ایکڑ سپرے کرکے ان ضرررساں کیڑوں سے نجات حاصل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اگر فصل کا پھل تیاری کے قریب ہو اور اسے برداشت کرنامقصود ہو تو ماہرین زراعت کی مشاورت سے ایسے زہر کا سپرے کریں جس کا اثر جلد زائل ہو جائے۔