کاشتکاروں کو چری کی فی ایکڑ کاشت کےلئے 32کلو گرام بیج استعمال کرنے کی ہدایت

85
کاشتکاروں کو چری کی فی ایکڑ کاشت کےلئے 32کلو گرام بیج استعمال کرنے کی ہدایت

فیصل ۱ٓباد۔ 10 مئی (اے پی پی):محکمہ زراعت نے چارہ کے کاشتکاروں کو چری کی فی ایکڑ کاشت کیلئے 32کلو گرام بیج استعمال کرنے کی سفارش کی ہے ۔نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت کے ترجمان نے کہا کہ چری کی کاشت کیلئے بھاری میرا زمین کا انتخاب کریں جہاں پانی کے نکاس کا مناسب انتظام ہو تاکہ فی ایکڑ بہترین پیداوار کا حصول ممکن ہو سکے۔

انہوں نے کہا کہ چری کی اچھی فصل حاصل کرنے کیلئے زمین کی تیاری انتہائی اہمیت کی حامل ہوتی ہے لہٰذا چارہ کے کاشتکار چری کی فصل کاشت کرنے سے قبل 3سے4 مرتبہ ہل و سہاگہ چلا کر زمین کو نرم اور بھربھرا کرلیں۔ انہوں نے کہا کہ چری کی ترقی دادہ اقسام جے ایس 2002،ہیگاری،جے ایس 26،چکوال جوار، جوار 2011 کی کاشت سے زیادہ پیداوار کا حصول ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ گوبر کی گلی سڑی کھاد بھی بمپر کراپ دینے میں معاون ثابت ہو سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کاشتکار فصلوں ربیع و خریف کی کاشت سے قبل کھادوں کے استعمال کیلئے زمین کا تجزیہ ضرور کروائیں اور ماہرین کی مشاورت سے متناسب کھادوں کا استعمال کریں تاکہ بھر پور پیداوار کا حصول ممکن ہوسکے۔انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کو چاہیے کہ وہ اگر ہر سال ممکن نہ ہو تو کم از کم ہر تیسرے سال زمین کا تجزیہ کروائیں تاکہ مٹی کے تجزیہ کے بعد کھادوں کے استعمال کا مشورہ دیا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ غیر موذوں کھادوں کے انتخاب، ان کے خود ساختہ استعمال، آبپاشی کیلئے پانی کی کمی یا زیادتی کی وجہ سے کھادوں اور بیج کی افادیت بری طرح سے متاثر ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نائیٹروجنی کھاد کی 50 فیصد کے قریب مقدار ہوا میں تحلیل ہو کر ضائع ہوجاتی ہے نیز فاسفورس کھادوں کا غلط انتخاب و طریقہ استعمال اور پوٹاش کا عدم استعمال فصلوں کی پیداوار میں کمی کی بڑی وجہ ہے۔

انہوں نے کاشتکاروں کو ہدایت کی کہ وہ معتدل اور تیزابی کھادوں کا متوازن استعمال کریں تاکہ انہیں فی ایکڑ بہتر پیداوار حاصل ہوسکے۔