کاشتکارکمادکے بیج کے انتخاب کیلئے محکمہ زراعت کی سفارشات پر عمل کریں،ترجمان

85
Bihari Kamad

لاہور۔20فروری (اے پی پی):محکمہ زراعت پنجاب نے کماد کی کاشت کے حوالے سے ہدایات جاری کر دیں۔محکمہ زراعت کے ترجمان نے کہا ہے کہ کاشتکارکماد کی کاشت کیلئے بیج کے انتخاب اور شرح بیج کیلئے محکمہ زراعت کی سفارشات پر عمل کریں۔

منگل کو جاری بیان میں ترجمان نے کہا کہ کماد کی زیادہ پیداوار حاصل کرنے کیلئے 100تا120من بیج فی ایکڑ استعمال کریں،بیج کا انتخاب ایسے کھیتوں سے کریں جوصحت مند اور بیماری سے پاک ہوں۔انہوں نے کہا کہ منڈھی فصل سے بیج حاصل نہ کریں، بیج کاٹنے سے پہلے گنے کی آنکھوں کے صحتمندہونے کی تصدیق کرلیں اور بیج کے لیے کاٹے گئے ٹکڑوں پر کم از کم 2سے 3آنکھیں ضرورہونی چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ کماد کی کاشت کے لئے صرف محکمہ کی منظور شدہ اور علاقائی لحاظ سے موزوں اقسام کا انتخاب کریں،گنے کی بڈز(آنکھوں)کو زخمی ہونے سے بچانے کے لئے درانتی یاپلچھی کا استعمال نہ کریں اور کھوری ہاتھوں سے اتاریں،باربرداری کے دوران بھی احتیاط کریں،بہتر بیج کو کھیت میں لاکر ہی چھیلیں،بیج کے لئے گنے کے اوپر والا حصہ استعمال کریں،

بیج تیار کرنے کے بعد بوائی میں تاخیر نہ کریں اور بیج کو پھپھوندی کش زہر کے محلول میں5سے10منٹ تک بھگو کرکاشت کریں،کورے سے متاثرہ فصل کا بیج نہ لیں،بیج کے لئے گنے کی کٹائی شوگرکین نائف /ٹوکہ سے کریں۔