فیصل آباد ۔ 12 جون (اے پی پی):جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے ماہرین زراعت نےکہا ہے کہ گرین ماتھ، کھپرا، سونڈوالی سسری گوداموں میں بہاریہ مکئی پر حملہ کرکے اسے نقصان پہنچا سکتی ہے اس لئے غلہ کے ذخیرہ کے دوران خصوصی حفاظتی تدابیر پر عملدرآمد کیا جائے۔انہوں نے کہاکہ مکئی کی فصل کو سٹوروں میں نقصان پہنچنے کا خدشہ رہتاہے لہٰذا انسدادی و احتیاطی تدابیر پر عمل کرکے اسے کیڑوں کے حملے سے بچا یا جاسکتاہے۔
انہوں نے کہاکہ کاشتکار میتھرین یا ڈیلٹیا میتھرین بحساب ایک لیٹر 100لیٹر پانی میں ملا کر گودام میں اچھی طرح سپرے کریں۔ انہوں نے کہاکہ غلہ کی ذخیرہ اندوزی کرنے کے بعد یہ زہریں حسب ضرورت دیواروں اور بوریوں پر بھی سپرے کی جاسکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گوداموں کے کیڑوں کے انسداد کے لئے زہریلی گیس کے استعمال کا طریقہ بھی انتہائی موزوں ہے۔
انہوں نے بتایاکہ اس مقصد کے لئے گوداموں کی کھڑکیاں اور روشن دان اچھی طرح بند کرکے ایلومینیم فاسفائیڈ کی 25 سے 30گولیاں فی ہزار مکعب فٹ حجم کے حساب سے رکھ کر دروازے اچھی طرح بند کردیئے جائیں اور گودام کو اس حالت میں کم ازکم 7دن تک رکھاجائے کیونکہ اس عمل سے پیداشدہ گیس سے ہرقسم کے کیڑے تلف ہو جائیں گے۔انہوں نے بتایاکہ مزید رہنمائی کے لئے کاشتکار ماہرین زراعت یامحکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف کی خدمات سے بھی استفادہ کرسکتے ہیں۔