فیصل آباد۔ 13 فروری (اے پی پی):ماہر ین زراعت نے بھنڈی توری کے کاشتکاروں کو سفارش کی ہے کہ وہ فروری میں درجہ حرارت 20سے30 ڈگری سینٹی گریڈ ہونے پر بھنڈی توری کی کاشت شروع کردیں ۔
ریسرچ انفارمیشن یونٹ آری فیصل آباد کے ماہرین زراعت نے کاشتکاروں کی آگاہی کیلئے بتایا کہ بھنڈی توری کیلئے ذرخیز میرا اور پانی کے بہتر نکاس والی زمین کا انتخاب کیاجائے اورکاشتکاربھنڈی توری کی بوائی کیلئے10سے12کلوگرام بیج فی ایکڑ استعمال کریں۔انہوں نے کہاکہ بوقت بوائی نائٹروجن 25کلوگرام، فاسفورس 35کلوگرام اور پوٹاش 25 کلو گرام کھاد فی ایکڑ استعمال کی جائے۔
علاوہ ازیں کاشتکار فصل سے جڑی بوٹیوں کے تدارک کیلئے 3 سے 4 مرتبہ مناسب وقت پر گوڈی کریں اور اس عمل کے دوران پودوں پر مٹی چڑھائیں تاکہ فصل کو نقصان سے بچایاجاسکے۔