اسلام آباد۔24اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ حکومت کالعدم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے ساتھ پرامن مذاکرات کرنے میں کامیاب ہوئی ہے اور منگل تک مظاہرین کی صورتحال معمول پر آ جائے گی، موجودہ حکومت ملک میں قانون کی بالادستی پر پورا یقین رکھتی ہے اور ہم حقیقی جمہوری اصولوں کے ساتھ کھڑے ہیں، کسی کو بھی قانون کو اپنے ہاتھ میں لینے کی اجازت ہرگز نہیں دی جائے گی۔
اتوار کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت مظاہرین کے ساتھ کسی قسم کا تصادم نہیں چاہتی اور ہم مظاہرین کے تمام مسائل پر امن طریقے سے حل کر رہے ہیں۔
شیخ رشید احمد نے کہا کہ حکومت کالعدم ٹی ایل پی کے گرفتار لوگوں کی رہائی کے مطالبے سمیت ان کے دیگر تحفظات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی، مظاہرین کے حالیہ احتجاج اور دھرنے کی وجہ سے بند روٹس کو منگل تک کھول دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت ملک میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کیلئے تمام تر ضروری اقدامات اٹھائے گی اور کسی کو بھی قانون کو ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔