24.8 C
Islamabad
پیر, ستمبر 1, 2025
ہومقومی خبریںکامسٹیک اور ادارہ رہو سکول کے اشتراک سے خصوصی تعلیم کے ماسٹر...

کامسٹیک اور ادارہ رہو سکول کے اشتراک سے خصوصی تعلیم کے ماسٹر ٹرینر پروگرام کے دوسرے بیچ کی افتتاحی تقریب کا انعقاد

- Advertisement -

اسلام آباد۔26اگست (اے پی پی):ادارہ رہو سکول فار بلائنڈ اینڈ ڈیف میں خصوصی تعلیم کے ماسٹر ٹرینر پروگرام کے دوسرے بیچ کی افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ یہ پروگرام کامسٹیک اور ادارہ رہو سکول کے اشتراک سے منعقد کیا جا رہا ہے۔ تقریب کی صدارت ادارہ رہو کی صدر نادیرا پنجوانی نے کی جو ایک عرصہ سے خصوصی تعلیم کے شعبے میں نمایاں خدمات انجام دے رہی ہیں۔ اپنے استقبالیہ خطاب میں انہوں نے نائیجیریا، یوگنڈا، گیمبیا اور کینیا سے آئے ہوئے شرکاء کو خوش آمدید کہا اور اس بات پر زور دیا کہ تمام امیدواروں کا انتخاب نہایت سخت اور شفاف مرحلے کے بعد کیا گیا ہے۔ انہوں نے پروگرام کے بانی پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے مسلم دنیا میں خصوصی تعلیم کے اساتذہ کی تربیت کا خواب حقیقت بنایا۔ انہوں نے کامسٹیک اور ادارہ رہو کی ٹیموں کی انتھک محنت اور تعاون کو بھی سراہا۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی پروفیسر ڈاکٹر اقبال چوہدری نے نادیرا پنجوانی کے وژن اور فلاحی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام نے او آئی سی رکن ممالک میں بے پناہ پذیرائی حاصل کی ہے۔ انہوں نے ادارہ رہو میں "او آئی سی ٹریننگ سینٹر فار سپیشل ایجوکیشن” کے قیام کی تجویز بھی دی تاکہ یہ ادارہ مسلم دنیا کے لئے ایک ورثے کی حیثیت اختیار کرے۔ تین ماہ پر مشتمل اس تربیتی پروگرام کے دوران شرکاء کو جدید طریقہ تعلیم، اسسٹیو ٹیکنالوجی اور بہرے و نابینا بچوں کی نگہداشت و تدریس کے عملی ہنر سکھائے جائیں گے۔ تقریب میں ادارہ رہو کے نابینا اور بہرے بچوں نے پاکستان کے قومی نغمے کی دل کو چھو لینے والی پرفارمنس پیش کی جس نے تمام حاضرین کو مسحور کر دیا اور ان بچوں کی ہمت و صلاحیتوں کو اجاگر کیا۔ یہ پروگرام کامسٹیک اور ادارہ رہو سکول کی اس مشترکہ کاوش کا حصہ ہے جس کا مقصد مسلم ممالک میں خصوصی تعلیم، تربیت اور شراکت داری کو فروغ دینا ہے۔

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں