کامسٹیک اور روسی تعاون ایجنسی او آئی سی ممالک میں سائنس اور ٹیکنالوجی کی ترقی کے لیے پانچ سے دس سالہ تعاون کا پروگرام تیار کریں گے

106

اسلام آباد۔21مارچ (اے پی پی):کامسٹیک اور روسی تعاون ایجنسی اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے ممالک میں سائنس اور ٹیکنالوجی کی ترقی کے لیے پانچ سے دس سالہ تعاون کا پروگرام تیار کریں گے۔ اس بات پر اتفاق رائے کوآرڈینیٹر جنرل کامسٹیک پروفیسر ڈاکٹر ایم اقبال چوہدری کی او آئی سی میں روس کے مستقل نمائندے رمضان عبدالطیف اور پاکستان میں روس کے سفیر ڈینیلا گانچ کے درمیان پیر کو یہاں ملاقات میں کیا گیا۔

اس پروگرام سے روسی تعاون ایجنسی اور او آئی سی کے رکن ممالک کے درمیان روابط بڑھانے میں مدد ملے گی۔ اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ اسکالرز پروگراموں کا تبادلہ کیا جائے گا جبکہ روس کی اعلیٰ یونیورسٹیوں کے ساتھ مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط پروگرام کا حصہ ہوں گے۔

روس مصنوعی ذہانت میں صلاحیت بڑھانے اور او آئی سی کے کم ترقی یافتہ ممالک بالخصوص افریقی رکن ممالک میں صحت کی سہولیات کو بہتر بنانے میں مدد کرے گا۔ کامسٹیک بنیادی سائنس، انجینئرنگ، بائیو میڈیکل سائنسز اور صحت عامہ میں اسلامی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے سکالرز، سائنسدانوں اور تکنیکی ماہرین کے سائنس اور ٹیکنالوجی کے اعلی اداروں اور روس کی لیبارٹریوں کے دوروں کے لئے سہولت فراہم کرے گا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے او آئی سی میں روس کے مستقل نمائندے رمضان عبدالطیف نے او آئی سی کے رکن ممالک میں سائنس اور ٹیکنالوجی کی ترقی کے لیے کوآرڈینیٹر جنرل کامسٹیک پروفیسر ڈاکٹر ایم اقبال چوہدری کے کردار کو سراہا۔ کوآرڈینیٹر جنرل کامسٹیک پروفیسر ڈاکٹر ایم اقبال چوہدری نے اس موقع پر معزز مہمانوں کو کامسٹیک کا سووینئر پیش کیا۔