کامسٹیک کے زیراہتمام تھرپارکر کے علاقے چھاچھرو میں30جنوری کو 2 روزہ مفت میڈیکل کیمپ لگایا جائے گا

اسلام آباد۔27جنوری (اے پی پی):اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی قائمہ کمیٹی برائے سائنسی و تکنیکی تعاون (کامسٹیک ) یونیورسٹی آف ماڈرن سائنسز، ٹنڈو محمد خان، گورمے فوڈز، ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت حکومت سندھ کے اشتراک سے سول ہسپتال چھاچھرو، تھرپارکر میں 30 جنوری کو دو روزہ مفت میڈیکل کیمپ لگایا جائےگا۔ اس کیمپ کے اقدام کا مقصد تھرپارکر کے دور دراز علاقوں میں رہنے والی آبادی کو …

اسلام آباد۔27جنوری (اے پی پی):اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی قائمہ کمیٹی برائے سائنسی و تکنیکی تعاون (کامسٹیک ) یونیورسٹی آف ماڈرن سائنسز، ٹنڈو محمد خان، گورمے فوڈز، ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت حکومت سندھ کے اشتراک سے سول ہسپتال چھاچھرو، تھرپارکر میں 30 جنوری کو دو روزہ مفت میڈیکل کیمپ لگایا جائےگا۔ اس کیمپ کے اقدام کا مقصد تھرپارکر کے دور دراز علاقوں میں رہنے والی آبادی کو بنیادی طبی سہولیات فراہم کرنا ہے۔ میڈیکل کیمپ میں شہریوں کو مفت طبی معائنہ، بنیادی تشخیصی ٹیسٹ اور ادویات کی مفت فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

عام طبی سہولیات کے ساتھ ساتھ آنکھوں کے علاج پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ ماہر امراض چشم مریضوں کی بینائی کا معائنہ اور سکریننگ کریں گے جبکہ مستحق افراد کو ٹیسٹ کے بعد دور کی نظر کے مفت چشمے بھی فراہم کیے جائیں گے جس سے علاقے میں بینائی کے عام مسائل کے حل میں مدد ملے گی۔انڈس میڈیکل کالج کے مستند ڈاکٹروں کی ٹیم، کامسٹیک کے حکام اور مقامی محکمہ صحت کے افسران کیمپ میں شرکت کریں گے تاکہ طبی خدمات کی فراہمی اور باہمی رابطہ کاری کو یقینی بنایا جا سکے۔

توقع ہے کہ اس کیمپ سے بڑی تعداد میں مستحق مریض، خصوصاً خواتین، بچے اور بزرگ افراد مستفید ہوں گے۔یہ مفت میڈیکل کیمپ نہ صرف علاقے میں صحت کی سہولیات کی فراہمی میں مددگار ثابت ہوگا بلکہ مقامی آبادی میں صحت سے متعلق آگاہی بھی فروغ دے گا جو مجموعی طور پر کمیونٹی کی فلاح و بہبود میں اہم کردار ادا کرے گا۔یہ اقدام کامسٹیک کی اپنے شراکت دار وں کے ساتھ مل کر رکن ممالک کے پسماندہ اور مشکل رسائی والے علاقوں میں انسانی خدمت اور بنیادی طبی سہولیات تک رسائی بہتر بنانے کے عزم کا عکاس ہے۔