کامیاب جوان پروگرام نوجوانوں میں کامیاب رہا ہے، ہنر مندسکیم کے تحت استفادہ کرنے والے نوجوانوں کے اعدادوشمار پبلک کر دیئے ہیں، عثمان ڈار

125

اسلام آباد۔15اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے کہا ہے کہ کامیاب جوان پروگرام نوجوانوں میں کامیاب رہا ہے، ہنر مندسکیم کے تحت استفادہ کرنے والے نوجوانوں کے اعدادوشمار پبلک کر دیئے ہیں، کاروباری قرضوں کی سکیم کامیاب جوان پروگرام کا اہم جزو ہے جس کے تحت 100 ارب روپے مختص کئے گئے جن میں سے 28 ارب روپے جاری کئے جا چکے ہیں، سکل فار آل ٹاسک فورس کی سفارشات کی روشنی میں پہلے مرحلہ میں ایک لاکھ ایک ہزار نوجوانوں کو مجموعی طور پر ساڑھے 6 ارب روپے کے تعلیمی وظائف دیئے جا چکے ہیں جبکہ دوسرے مرحلہ میں ایک لاکھ مزید سکالرشپس دیئے جائیں گے جس کے لئے مجموعی طورپر 10 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہا رانہوں نے جمعہ کو پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ میں وزیرمملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ سکالرشپ پروگرام کے پہلے مرحلہ کی کامیابی کے بعد دوسرے مرحلہ پر کام شرو ع ہو چکا ہے جبکہ تیسرے مرحلے پر بھی جلدکام شروع کریں گے۔ معاون خصوصی برائے امور نوجوانان نے کہاکہ ڈیجیٹل پورٹل آٹومیشن کے ذریعے کامیاب پروگرام کی تمام سکیموں کے اعداد وشمار پروگرام کی ویب پورٹل پر فراہم کر دیئے گئے ہیں۔ کوئی بھی شخص اس پورٹل پر جا کر خودکار طریقے سے ان اعداد و شمار تک رسائی حاصل کرسکتا ہے۔

یہ اس پروگرام کی شفافیت کی عکاسی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل نوجوانوں کو ہنر سیکھنے کے لئے ادارے اور مضامین کا زبردستی انتخاب کرایا جا تا تھا لیکن اب نوجوانوں کو اپنی مرضی سے اپنا ہنر اور ادار ہ منتخب کرنے کا اختیار دیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو مصروف عمل رکھنے کے لئے ہم نے نیشنل یوتھ کونسل تشکیل دی ہے جبکہ کامیاب جوان پروگرام کے تحت 5 نئے پروگرام تیار کررہے ہیں جن کا جلد وزیراعظم اعلان کریں گے۔

عثمان ڈار نے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام کے کاروباری قرضوں کی سکیم کے تحت ہر ماہ 2 سے 4 ارب روپے کے قرضے نوجوانوں میں تقسیم کئے جا رہے ہیں اور اس سکیم کے تحت اب تک 50 ہزار افراد کے لئے روزگار کے مواقع پیدا کئے گئے ہیں۔ وزیر اعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ اس پروگرام سے استفادہ کرنے والوں میں 15 ہزار ہنر مند نوجوان اور 35 ہزار کاروباری قرض سکیم کے تحت روزگار حاصل کرنے والے نوجوان شامل ہیں۔

عثمان ڈار نے وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود اور دیگر وزارتوں و محکموں کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے کامیاب جوان اور ہنر مند سکیم کے تحت نوجوانوں کو مختلف ہنر سیکھانے میں معاونت فراہم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم شفافیت پر یقین رکھتے ہیں۔ ہمارے پاس 155 اضلاع کے کاروباری انڈیکس موجود ہیں جس سے معلوم کیا جا سکتا ہے کہ کس علاقے کا نوجوان کونسا کاروبار کرنا چاہتا ہے۔