کامیاب جوان پروگرام کے تحت آسان شرائط پر قرضوں کے لئے جمع کرائی گئی درخواستوں کی جانچ پڑتال شروع ہو گئی

اسلام آباد ۔ 14 نومبر (اے پی پی) کامیاب جوان پروگرام کے تحت آسان شرائط پر قرضوں کے حصول کے لئے جمع کرائی گئی درخواستوں کی جانچ پڑتال کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ وزیر اعظم کامیاب جوان پروگرام کے ذرائع کے مطابق آسان شرائط پر قرضوں کے حصول کے لئے نوجوانوں نے آن لائن طریقہ کار کے تحت اپنی درخواستیں جمع کرائی تھیں، اس پروگرام کے تحت نیشنل بینک آف پاکستان، بینک آف خیبر اور بینک آف پنجاب درخواست دہندگان کو آسان شرائط پر قرضہ فراہم کریں گے۔ ذرائع کے مطابق 10 ہزار سے ایک لاکھ تک کا قرضہ بلا سود ہو گا جبکہ ایک لاکھ سے 5 لاکھ کے قرضے پر 6 فیصدشرح سود اور 6 لاکھ سے 50 لاکھ تک کے قرضے پر 8 فیصد شرح سود ہو گی اور یہ قرضہ 8 سال کی مدت کے لئے دیاجا رہا ہے، پہلے سال کوئی قسط وصول نہیں کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق متعلقہ بینکوں نے درخواست دہندگان کے کوائف کی جانچ پڑتال کا عمل ٹیلیفون کے ذریعے شروع کر دیا ہے جبکہ اگلے مرحلے میں مذکورہ بینکوں کے نمائندے درخواست دہندگان کے گھر پر جا کر کوائف کی تصدیق کریں گے۔ ذرائع کے مطابق تمام کوائف کی تصدیق اور سکور کارڈ پورا ہونے کے بعد قرض کی فراہمی شروع ہو گی۔ وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے کہا ہے کہ کامیاب جوان پروگرام کے تحت قرضوں کے حصول کے لئے درخواست دہندگان کی تصدیق ایکسٹرنل ایجنسی کرے گی۔ نوجوانوں کی درخواست کا سکور کارڈ بنایاجا ئے گا۔ انہوں نے کہاکہ بینکوں کو قرضوں کی فراہمی کا عمل مکمل کرنے کے لئے 45 سے 50 دن کی ڈیڈلائن دی گئی ہے اور امید ہے کہ دسمبر میں قرضوں کی رقوم کی ادائیگی کا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔