کامیاب جوان پروگرام کے ذریعے 1 لاکھ 70 ہزار سے زائد نوجوانوں نے ہائی ٹیک کورسز مکمل کر لئے ، عثمان ڈار

77
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

اسلام آباد۔20جون (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان و سربراہ کامیاب جوان پروگرام عثمان ڈار نے کہاہے کہ کامیاب جوان پروگرام کے ذریعے 1 لاکھ 70 ہزار سے زائد نوجوانوں نے ہائی ٹیک کورسز مکمل کر لئے ہیں ، وفاقی حکومت کا نوجوانوں کو ووکیشنل اسکلز اور ہائی ٹیک ٹریننگ کی فراہمی کا منصوبہ کامیاب ہوگیا ،اسکل اسکالرشپس کے تحت تربیت مکمل کرنے والے نوجوانوں کو روزگار کے نئے مواقع ملنے لگے،جدید کورسز کے ذریعے ہزاروں نوجوان گھر بیٹھے روزگار حاصل کر رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک اور دستاویزی فلم جاری کرنے کے موقع پر کیا ، دستاویزی فلم میں ہری پور کی رہائشی خاتون رمشاء اسلام نے اسکل اسکالرشپ پروگرام کے ذریعے روزگار کے حصول کی کامیابیاں بیان کی ہیں ، رمشاء اسلام نے نیوٹک سے ویب ڈیزائننگ، گرافکس اور ایپلیکیشن ڈویلپمنٹ کا جدید کورس کیا ، رمشاءنے بتایاکہ کورسز مکمل ہوتے ہی پہلے ہفتے میں 2 ایجنسیز سے ملازمت کی پیشکش ہوئی، اب نوکری نہ ہونے کے باوجود گھر بیٹھے آن لائین پیسے کما رہی ہوں اور وزیراعظم عمران خان اور کامیاب جوان پروگرام ٹیم کی شکرگزار ہوں،

رمشاءنے کہاکہ وزیراعظم عمران خان اسی لئے پسند ہیں کہ وہ نوجوانوں پر توجہ دے رہے ہیں، دستاویزی فلم میں رمشاءکے والد نے کہاکہ انہیں اپنی بیٹی پر فخر ہے جو گھر بیٹھے کمائی سے ہمارا ہاتھ بٹا رہی ہے، ہم جیسے والدین کی دعائیں ہمیشہ وزیراعظم عمران خان کے ساتھ ہیں، اس موقع پر سربراہ کامیاب جوان پروگرام عثمان ڈار نے رمشاء اسلام کو مبارکباددی اور کہاکہ رمشاء اسلام جیسی بچیاں ہزاروں نوجوانوں کیلئے مثال ہیں، بے روزگاری سے تنگ نوجوان اسکل اسکالرشپ حاصل کر کے روزگار حاصل کریں، وفاقی حکومت اپنے نوجوانوں کی ہر قسم کی معاونت کیلئے تیار ہے۔