کامیڈی کے بادشاہ امان اللہ خان 70 سال کی عمر میں انتقال کر گئے

اسلام آباد ۔ 6 مارچ (اے پی پی) کامیڈی کے بادشاہ امان اللہ خان70سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔ 1950ءمیں لاہور میں پیدا ہونے والے امان اللہ کامیڈی کی دنیا میں منفرد مقام رکھتے تھے، انہوں نے 860 دنوں پر محیط نائٹ تھیٹر کر کے عالمی ریکارڈ بنایا ، انہیں 2018ءمیں صدر پاکستان کی جانب سے پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ سے نوازا گیا، ان کے مشہور تھیٹر ڈراموں میں ”بیگم ڈش انٹینا، ڈسکو دیوانے، کھڑکی کے پیچھے، محبت سی این جی، یو پی ایس، سوہنی چن ورگی، بڑا مزہ آئے گا اور کیچپ “ شامل ہیں، انہوں نے تھیٹر پلے کے علاوہ 2006ءمیں بننے والی فلم”ون ٹو کا ون“ اور 2014ءمیں بننے والی فلم”نامعلوم افراد“ میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے، اس کے علاوہ انہوں نے مختلف چینلز کے ساتھ پروگرام بھی کیے جن میں ”خبر ناک“ ، ”مذاق رات“ اور ”خبر زار“ شامل ہیں جن میںانہوں نے اپنے ساتھی کامیڈینز کے ساتھ مل کر شائقین کے دل جیت لیے۔