نمائندہ۔ 23 جنوری (اے پی پی) نوابشاہ:کمشنر شہید بینظیرآباد ڈویژن ندیم احمد ابڑو نے رورل ہیلتھ سنٹر دوڑ، اسسٹنٹ کمشنر آفیس دوڑ، گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول، گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول دوڑ اور دریا خان جلبانی میموریل لائبریری کا دورہ کیا۔ رورل ہیلتھ سنٹر دوڑ کے دورے کے موقع پر کمشنر ندیم احمد ابڑو نے سنٹر کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور مریضوں کو ملنے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر کمشنر نے رورل ہیلتھ سنٹر دوڑ کے ایم ایس کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ رورل ہیلتھ سنٹر میں علاج معالجے کے لیے آنے والے مریضوں کو صحت کی بہتر سہولیات ترجیحی بنیادوں پر فراہم کی جائیں گی۔
بعد ازاں کمشنر نے دریا خان جلبانی میموریل لائبریری کا دورہ کیا۔ لائبریری میں موجود طلباء سے مسائل معلوم کئے اور ان سے سوالات بھی پوچھے۔ کمشنر نے دوڑ کے دورے کے دوران گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول دوڑ کا دورہ کرکےاسکول میں تعمیر و مرمت کے کام کا بھی جائزہ لیا ۔اس موقع پر کمشنر نے اسکول کے تعمیراتی کام پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ اسکول کے جاری تعمیراتی کام میں معیاری مٹیریل استعمال کیا جائے ،کام کے معیار پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ۔بعد ازاں کمشنر ندیم احمد ابڑو نے اسسٹنٹ کمشنر آفس کا دورہ کرکے رکارڈ روم کا جائز لیا ۔
اس موقع پر کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنر دوڑ کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ کام سے آنے والے سائلین کے جائز مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں تاکہ ان کو ریلیف فراہم کیا جاسکے۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر دوڑ حسان ظفر، مختیار کار محمد علی جمالی و دیگر ریوینیو اہلکار بھی موجود تھے