کراچی۔29دسمبر (اے پی پی):کا من ویلتھ گیمز کی کوئین بیٹن ریلے کی ککری گرائونڈ میں منعقدہ تقریب کے بعدکراچی کا سفر مکمل ہوگیا۔ بدھ کو بیٹن کی کراچی گرامراسکول آمد ہوئی۔ اسکول کی قائمقام پرنسپل منیزہ شیخ، اساتذہ اور طلبا و طالبات نے بیٹن کااستقبال کیا۔ تقریب میں سی جی اے پاکستان کے صدر سید عارف حسن، قائمقام برٹش ڈپٹی ہائی کمیشن مارٹن ڈائوسن نے شرکت کی۔
اس موقع پر سید عارف حسن نے بیٹن اسکول کی قائمقام پرنسپل کے سپرد کی جس کے بعد اولمپئین ارشد ندیم، طلحہ طالب، پیرا اولمپئین حیدرعلی،کلثوم ہزارہ،ارشد حسین نے بیٹن تھامی۔ ایشین گیمز گولڈ میڈلسٹ بہرام آواری،سوئمنگ کے نیشنل چیمپئین علی مٹھا، ٹینس کے ریکارڈ ہولڈر نادر مرزابھی بیٹن کے سفرمیں شریک ہوئے۔
سی جی اے پاکستان کے صدر سید عارف حسن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قیام پاکستان کے بعد قائد اعظم نے ملک میں اولمپک موومنٹ کی بنیاد رکھی اور بانی پاکستان نے ہمیشہ نوجوانوں کوکھیل کیجانب خصوصی توجہ کی ترغیب دی، روشنیوں کاشہر کراچی کوئنیز بیٹن ریلے کی میزبانی کررہاہے ،یہاں سے امن اور دوستی کا پیغام پوری دنیا میں جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تاریخی اہمیت کی حامل کراچی گرامر قدیمی درسگاہ ہے،
تعلیمی اداروں سے نئے ٹیلنٹ کی دریافت میں بہت مددملتی ہے۔ قائمقام برٹش ڈپٹی ہائی کمیشن مارٹن ڈائوسن نے کہا کہ پاکستان میں کراچی میرادوسرا گھر ہے، بیٹن کی یہاں آمد سے بہت خوشی ہوئی ہے، پاکستانی کھلاڑیوں سے بہت توقعات وابستہ ہیں، امیدہے اچھا رزلٹ دیں گے۔ ککری گرائونڈ میں اولمپئین ارشد ندیم، طلحہ طالب، مہراللہ، پیرا اولمپئین حیدرعلی اورکلثوم ہزارہ بیٹن کے ساتھ بگھی میں سواری کرتے ہوئے گرائونڈ میں داخل ہوئے۔
اس موقع پر سندھ رینجرز کے بینڈز نے ملی نغموں کی دھنیں پیش کرکے سماں باندھ دیا۔ کراٹے، باکسنگ اورفٹ بال کے کھلاڑیوں نے نمائشی میچزکھیلے۔جبکہ گرائونڈ میں لیاری کاروایتی رقص لیوابھی پیش کیا گیا اور جا فا اکیڈی کی کپتان اورایشین فٹ بال کنفیڈریشن میں پاکستان کی یوتھ سوشل ایمبیسڈر اقصا محمد داد نے دیگر کھلاڑیوں کے ہمراہ ڈنکی کارٹ پر بیٹن کے ساتھ گرائونڈ کاچکر لگایا۔