اسلام آباد۔23ستمبر (اے پی پی):کثیرالجہتی ترقیاتی بینکوں کی جانب سے گزشتہ سال کے دوران ماحول کونقصان پہنچانے والی گیسوں کے اخراج کوکم کرنے اورموسمیاتی موزونیت کیلئے فنڈز کی فراہمی میں نمایاں اضافہ ہواہے۔ یہ بات ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے جاری کردہ ایک رپورٹ میں کہی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق 2023 میں کثیرالجہتی ترقیاتی بینکوں کی جانب سے عالمی موسمیاتی مالیات کاحجم ریکارڈ 125 ارب ڈالر کی سطح پرپہنچا ہے۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کے ڈائریکٹر جنرل برائے پائیدار ترقی و موسمیاتی تبدیلی برونو کاراسکو نے بتایا کہ کثیرالجہتی ترقیاتی بینکوں کی جانب سے عالمی موسمیاتی مالیات کیلئے فنڈز کی فراہمی میں اضافہ خوش آئندامرہے، کاربن کے اخراج کو کم کرنے ، لوگوں اور بنیادی ڈھانچے کو موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے محفوظ رکھنے کیلئے ہرایک ڈالرہم ہے ۔
انہوں نے کہاکہ ایشیائی ترقیاتی بینک کثیرالجہتی ترقیاتی بینکوں کے ساتھ مل کرماحولیاتی مالیات میں اضافہ کیلئے کام جاری رکھیں گا تاکہ ترقی پذیر رکن ممالک کو موسمیاتی موزونیت کیلئے مطلوبہ مالی معاونت فراہم کی جاسکے۔ انہوں نے بتایاکہ سال 2022میں کثیرالجہتی ترقیاتی بینکوں کی جانب سے موسمیاتی وماحولیاتی مالیات کاحجم 74.7 ارب ڈالرریکارڈکیاگیاتھا۔2023 میں 50.3 ارب ڈالر کے فنڈز اعلیٰ آمدنی والی معیشتوں کے لیے مختص کیے گئے۔
اس میں سے 47.3 ارب ڈالر (94فیصد) موسمیاتی تبدیلیوں کی تخفیف اور 3 ارب ڈالر یعنی چھ فیصد موسمیاتی موزونیت کیلئے مختص کئے گئے۔ جن کثیرالجہتی ترقیاتی بینکوں نے موسمیاتی مالیات کی فراہمی میں کلیدی کرداراداکیاہے، ان میں افریقی ترقیاتی بینک ، ایشیائی ترقیاتی بینک ، ایشیائی انفراسٹرکچربینک ، یورپی ترقیاتی بینک ، یورپی بحالی و ترقیاتی بینک ، بین الاقوامی ترقیاتی بینک ، اسلامی ترقیاتی بینک ، اور عالمی بینک گروپ سرفہرست ہے۔