کراچی۔ 21 اگست (اے پی پی):پاکستان رینجرز سندھ اور پولیس کی بھتہ خوروں، ڈکیتوں اور اسٹریٹ کرمنلز کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں ۔ پاکستان رینجرز (سندھ) اور پولیس کی انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کراچی کے علاقے لیاری میں مشترکہ کارروائی کی۔ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق دوران کارروائی لیاری گینگ وار کمانڈر ایاز زہری گروپ سے تعلق رکھنے والے 3 انتہائی مطلوب ملزمان محمد ارسلان شہزاد عرف کروٹ، فرحان عرف جھاڑی اور عبد المعیز عرف کٹا کو گرفتار کر لیا گیا اور ملزمان کے قبضے سے اسلحہ و ایمونیشن بھی برآمد کی گئی ۔ملزمان بھتہ وصولی کے لئے فائرنگ کے علاوہ متعدد ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں بھی ملوث ہیں۔ملزم ارسلان شہزاد عرف کروٹ 2020 میں یوسف عرف موٹا کے ڈکیت گروپ میں شامل ہوا اور 2022 تک اپنے ساتھیوں یوسف عرف موٹا، ارسلان سلیم، نادر ، سکندر ، طلحہ اور شمروز بلوچ کے ساتھ مل کر ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث رہا ہے۔ ملزم فروری 2023 میں لیاری گینگ وار کمانڈر عبد الصمد عرف فرحان کے کہنے پر ارسلان پٹنی اور ایاز زہری کے بھتہ وصولی گروپ میں شامل ہوا۔2023 میں لیاری گینگ وار کمانڈرایاز زہری، ارسلان پٹنی اور عبد الصمد عرف فرحان نے لیاقت آباد میں واقع کار شو روم سے مبلغ 50 لاکھ روپے بھتے کی ڈیمانڈ کی اور انکار پر ملزم اپنے دیگر ساتھی شمروز بلوچ کے ہمراہ فائرنگ کرنے گئے لیکن پولیس کی موجودگی کی وجہ سے فائرنگ نہ کر سکے۔ملزم بھتہ وصولی کے لئے فائرنگ کی کارروائیاں کرنے کے لئے لیاری گینگ وار کمانڈرایاز زہری اور عبد الصمد عرف فرحان کو گینگسٹرز فراہم کرتا رہا ہے۔ 24 جون 2024 کو کھارادر کے علاقہ سے ملزم ریحان عرف آکاش کو فائرنگ کرنے کے لئے بھیجا تھا جس کو پولیس نے کارروائی سے پہلے گرفتار کر لیا تھا۔ملزم غیر قانونی اسلحے کی خرید و فروخت اور موٹر سائیکل چھینے کی کارروائیوں میں بھی ملوث رہا ہے۔ ملزم پروفیشنل کریمنل ڈکیت گینگ کا سرغنہ ہے اور کراچی کے اندر متعد د کریمنل کارروائیوں کے علاوہ بھتہ وصولی کی کارروائیوں میں ملوث رہا ہے۔ملزم فرحان عرف جھاڑی 2017 سے اپنے دیگر ساتھی یوسف عرف موٹا، معراج، طلحہ ، حارث ، ارسلان شہزاد کروٹ اور نادر کے ہمراہ راہزنی، گھروں میں ڈکیتی اور موٹر سائیکل چھینے کی متعدد وارداتوں میں ملوث رہا ہے۔
ملزم 2024 میں یوسف عرف موٹا کے کہنے پر لیاری گینگ وار کمانڈر ایاز زہری اور عبد الصمد عرف فرحان کے بھتہ وصولی کے گروپ میں شامل ہوا اور مختلف مقامات پر بھتہ وصولی کے لئے ریکی اور فائرنگ کرنے کی منصوبہ بندی میں ملوث رہا ہے۔ملزم 4 جولائی 2024 کو پنجابی کلب کھارادر میں زیر تعمیر بلڈنگ پر اپنے ساتھی یوسف عرف موٹا کے ساتھ فائرنگ کرنے کی نیت سےگئے تاہم رینجرز اور پولیس کی موجودگی میں کارروائی کو پایہ تکمیل تک پہنچانے سے قاصر رہے۔ ملزم یوسف عرف موٹا کی اخوان پارک نیو کراچی کے قریب ڈکیتی کرتے ہوئے سی سی ٹی وی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس میں ملزمان کو ڈکیتی کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ملزم 2023 میں عبد الصمد عرف فرحان کے کہنے پر لیاری گینگ وار کمانڈر ایاز زہری، ارسلان پٹنی کے بھتہ وصولی کے گروپ میں شامل ہوا۔ملزم ہمراہ فرحان عرف انڈین لیاری گینگ وار کمانڈر ارسلان پٹنی اور ایاز زہری کی ہدایات پر سلمان عرف ملا عرف یسین سے اسلحہ و ایمونیشن وصول کرنے اور دیگر ملزمان تک پہنچانے میں بھی ملوث رہا ہے۔ملزمان عادی مجرم ہیں اور متعدد بار گرفتار ہو کر جیل جا چکے ہیں۔گرفتار ملزمان کو بمعہ اسلحہ و ایمونیشن مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔