کراچی۔9مارچ (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے کرپٹ مافیاز کے خلاف طویل جدوجہد کی ہے، قوم کی دولت لوٹنے والوں کے دن گنے جا چکے ہیں، قوم کی دولت لوٹنے والوں کے خلاف جدوجہد میں کارکنان اپنے کپتان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار گورنر سندھ عمران اسماعیل اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) سندھ کے صدر و وفاقی وزیر علی زیدی نے گورنر ہاوس میں منعقدہ پی ٹی آئی کے عہدیداران اور کارکنان کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان ایک فائٹر ہے، جنہوں نے اپنی پوری زندگی کرپٹ مافیاز کے خلاف جدوجہد میں گزاری ہے۔انہوں نے کہا کہ کارکنان ہمیشہ اپنے کپتان وزیراعظم عمران خان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج جب ڈاکو اور چور عمران خان کی کرپشن کے خلاف جنگ کو چیلنج کرنے کے لیے جمع ہوئے تو پی ٹی آئی کے کارکنان نے بھی وزیراعظم عمران خان کا ساتھ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی سندھ کے صدر و وفاقی وزیر علی زیدی نے کہا کہ قوم کی دولت لوٹنے والوں کے دن گنے جا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مشکل حالات میں کامیاب سندھ مارچ کیا اور صوبے کے ہر کارکن سے ملاقات کی۔علی زیدی نے کہا کہ میں نے اپنی زندگی میں وزیراعظم عمران خان سے جو سب سے اہم سبق سیکھا ہے وہ خود پر یقین ہے۔اجتماع میں پارٹی عہدیداران اور کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔