"آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے سکول آف ویژول اینڈ پرفارمنگ آرٹس کی المنائی سیریز کے تحت پیش کیے جانے والے چھٹے تھیٹر ’دی اوڈ کپل‘ نے شائقین کے دل جیت لیے۔”
کراچی ، تھیٹردی اوڈ کپل نے شائقینِ کے دل جیت لیے
کراچی۔ 03 اگست (اے پی پی):آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے سکول آف ویژول اینڈ پرفارمنگ آرٹس کی المنائی سیریز کے تحت پیش کیے جانے والے چھٹے تھیٹردی اوڈ کپل نے شائقینِ کے دل جیت لیے۔
جاری اعلامیہ کے مطابق معروف امریکی ڈرامہ نگار، اسکرین رائٹر اور مزاح نگار نیل سائمن کے شہرہ آفاق ڈرامے کو بابر جمال نے پیش کیا جبکہ اس کی ہدایت کاری ارباز شیخ نے انجام دی۔یہ اردو زبان کا مزاحیہ تھیٹر اپنی منفرد کہانی، برجستہ مکالموں اور جاندار اداکاری کے باعث حاضرین کو مسلسل محظوظ کرتا رہا۔ ڈرامے کی کہانی طلاق کے بعد کی زندگی کو ایک منفرد اور مزاحیہ انداز میں پیش کرتی ہے۔ کہانی ایک ایسے شخص کے گرد گھومتی ہے جو علیحدگی کے بعد اپنی زندگی کو نئے سرے سے سنوارنے کی کوشش میں اپنے طلاق یافتہ بہترین دوست کے ساتھ رہائش اختیار کرتا ہے۔ دونوں کی عادات، مزاج اور طرزِ زندگی ایک دوسرے سے یکسر مختلف ہوتے ہیں، جس کے باعث روزمرہ کے معمولات دلچسپ غلط فہمیوں، مزاحیہ تنازعات اور غیر متوقع واقعات کا سلسلہ بن جاتے ہیں۔ تھیٹر میں اسامہ رانجھا نے گلو، اسد گوجر نے دانش، سارا تقی نے شیزا، نفیس قمر نے فضا، محمد رضا نے بابلو، حمزہ رانجھا نے پولیس یے اور عادل شاکر نے شوکت کا کردار ادا کیا۔ تمام فنکاروں نے اپنی شاندار اداکاری سے کرداروں میں جان ڈال دی اور حاضرین سے بھرپور داد وصول کی۔ 31جولائی سے شروع ہونے والا تھیٹردی اوڈ کپل 2اگست تک آرٹس کونسل کے اسٹوڈیو II میں کامیابی سے پیش کیا گیا۔









