کراچی میں امن کی بحالی کیلئے شہریوں اور فورسز کے جوانوں نے بھاری قیمت ادا کی ،کسی کو بھی شہر کا امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے،وزیراعلی سندھ

117
Syed Murad Ali Shah

کراچی۔ 05 مئی (اے پی پی):وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی میں امن برقرار رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر کو پر امن بنانے کے لیے ہمارے شہریوں، سیاسی کارکنوں، پولیس، رینجرز اور فوج کے جوانوں نے قربانیاں دے کر بھاری قیمت ادا کی ہے،کسی کو بھی شہر کا امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لیاری کے ککری گراؤنڈ میں سابق صوبائی وزیر جاوید ناگوری کے چھوٹے بھائی شہید اکبر ناگوری کی برسی کے موقع پر تعزیتی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔پروگرام میں وزیر بلدیات سعید غنی، قومی اسمبلی کے اراکین، نبیل گبول، قادر پٹیل، سینیٹر مسرور احسن، ایم پی اے آصف خان، پارٹی کارکنوں اور لیاری کے عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

سید مراد علی شاہ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت نے پہلے بھی شہر میں امن و امان بحال کیا تھا اور اب وہ اسٹریٹ کرائم کے چیلنج سے مؤثر انداز میں نمٹنےکیلئے بھی ایسا ہی کریں گے۔انہوں نے اس المناک واقعے کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ مئی 2015 میں دہشت گردانہ حملے میں ہمارے کارکن جیالے اکبر ناگوری کی جان گئی۔ انہوں نے ملک میں جمہوریت کی بحالی اور استحکام کے لیے لیاری کے عوام بشمول مرد، خواتین اور بچوں کی بے پناہ قربانیوں پر بھی روشنی ڈالی۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ لیاری کے لوگ حقیقی معنوں میں محب وطن اور سیاسی طور پر باشعور ہیں،لیاری کے لوگوں نے مختلف سیاسی تحریکوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے جن میں مرد، خواتین اور یہاں تک کہ ان کے بچے بھی شامل ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نےکہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے انہیں لیاری کے لوگوں کو صحت، تعلیم، پانی اور صفائی کی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ککری گراؤنڈ تاریخی اہمیت کا حامل ہے، یہاں بچوں اور نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں میں مشغول ہونے کی ترغیب دینے کے لیے کھیلوں کو فروغ دیا ہے۔سید مراد علی شاہ نے لیاری کے لوگوں پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کو اچھی تعلیم فراہم کریں۔