کراچی میں تیر اندازی، اسکواش، ووشو، ٹیبل ٹینس اور ٹیک بال کے مقابلوں کا انعقاد

75
Table tennis
Table tennis

کراچی۔ 28 جنوری (اے پی پی):کراچی کے ڈی سی سائوتھ سپورٹس فیسٹیول میں تیر اندازی، اسکواش، ووشو، ٹیبل ٹینس اور ٹیک بال کے مقابلوں کا انعقاد کیا گیا۔کے پی ٹی اسپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے تعاون سے کے پی ٹی اسپورٹس کمپلیکس میں گذشتہ روز منعقدہ ایک روزہ کھیلوں کے مختلف مقابلوں میں خصوصی وہیل چیئر ٹینس میچ بھی ہوا جس میں اسپیشل اولمپکس کے کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔

مذکورہ کھیلوں پر مبنی اس عظیم الشان ایونٹ کا انعقاد ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں بالخصوص لڑکیوں کو زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنے کے لیے کیا گیا تھا تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر سکیں اور ڈسٹرکٹ ساؤتھ کراچی میں کھیلوں کی صحت مند سرگرمیوں کو فروغ دیا جاسکے۔

اختتامی تقریب میں چیئرمین کے پی ٹی سید سیدین رضا زیدی، ڈی سی ساؤتھ کیپٹن (ر) الطاف حسین ساریو، جی ایم (ای) کے پی ٹی ریئر ایڈمرل حبیب الرحمان، جی ایم ایڈمن کے پی ٹی بریگیڈیئر (ر) طارق بشیر، کے پی ٹی کے دیگر اور ڈی سی ساؤتھ کے دفاتر کے سینئر افسران اور شائقین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ آخر میں ایونٹ کے تمام فاتحین کو میڈلز اور ٹرافیاں دی گئیں اور شرکا کو سرٹیفیکیٹس کے ساتھ حوصلہ افزائی کی گئی۔