اسلام آباد ۔ 31 اکتوبر (اے پی پی) پاکستان سکواش فیڈریشن کے نائب صدر قمر زمان نے کہا ہے کہ کراچی میں 13سال بعد عالمی سکواش کے مقابلے نومبر کے تیسرے ہفتے بحال ہو جائیں گے۔ اس حوالے سے انٹرنیشنل سکیورٹی وفد نے کراچی کا دورہ کر کے عالمی سطح کے مقابلوں کےلئے سازگار قرار دے دیا ہے۔ ملک میں نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کےلئے سکولز، کالجز اور یونیورسٹی سطح پر سکواش کورٹس کی ضرورت ہے۔ بدھ کو اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پروفیشنل سکوائش ایسوسی ایشن نے کراچی میں بہتر سکیورٹی صورتحال کے بعد سکواش کے تین ایونٹس کی میزبانی دی گئی ہے جو کہ مسلسل پاکستان اوپن ‘ ڈی ایچ اے اور چیف آف نیول سٹاف سکوائش چیمپئن شپ نومبر، دسمبر اور جنوری میں ہوں گے۔ قمر زمان نے کہاکہ کراچی کھیلوں کے لحاظ سے اچھا شہر ہے۔ اسلام آباد اور لاہور میں عالمی سکواش کے مقابلے کے کامیاب انعقاد کے بعد انٹرنیشنل سکیورٹی وفد نے کراچی میں عالمی سکواش کے مقابلے بحال کرائے ہیں جس کا باقاعدہ آغاز نومبرکے تیسرے ہفتے میں ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ان عالمی مقابلوں سے پاکستان کے کھلاڑیوں کی عالمی رینکنگ میں بہتری آئے گی۔